بین الاقوامی

سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل کیس کا بڑا فیصلہ، 8 ملزمان کو قید کی سزائیں

سعودی عدالت نے صحافی جمال خاشقجی قتل کیس میں نامزد 8 میں 5 ملزمان کو 20 سال اور 3 کو سات سے دس سال قید کی سزا سنائی ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق استنبول کے سعودی سفارت خانے میں لاپتہ ہونے والے صحافی جمال خاشقجی کے قتل کیس کی سماعت مقامی عدالت میں ہوئی۔ جمال خاشقجی قتل کیس میں 20 سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا۔ بعد ازاں 8 ملزمان مقدمہ چلا تھا۔

فیصلے کے مکمل مندرجات منظر عام پر نہیں آئے ہیں اور ملزمان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے ہیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سزا حتمی ہے جسے چیلنج نہیں کیا جا سکے گا تاہم سعوی قوانین کے تحت مقتول کے اہل خانہ ملزمان کو معاف کرنے کا حق رکھتے ہیں۔

مقتول صحافی کے بیٹے صلاح خاشقجی نے رواں برس ماہ رمضان میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ یہ مقدس مہینہ درگزر کرنے کا مہینہ ہے اس لیے ہم اپنے والد کے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کے سخت ترین ناقد جلاوطن صحافی جمال خاشقجی 2 اکتوبر 2018 کو ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے گئے تھے اور پھر واپس نہیں لوٹے تھے، خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ انہیں قونصل خانے میں ہی قتل کر دیا گیا ہے جس کی بعد میں تصدیق بھی ہوگئی تھی۔

 

Related Articles

Back to top button