بین الاقوامی

بھارتی حکومت کا چین سے کشیدگی میں اضافہ، 118 ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کردی

بھارتی حکومت نے لداخ کے معاملے پر چین سے کشیدگی میں اضافے کے باعث مزید 118 ایپلی کیشنز پر پابندی لگادی جن میں بھارت بھر میں مشہور گیم پب جی بھی شامل ہے۔

بھارتی حکومت نے مذکورہ چینی ایپلی کیشنز پر پابندی سے متعلق کہا کہ یہ اقدام بھارت کی خودمختاری اور سالمیت، دفاع و سلامتی کے مفاد میں اٹھایا گیا۔ ٹیسنٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کا ویڈیو گیم پب جی دنیا بھر کے ٹاپ 5 اسمارٹ فون گیمز میں شامل ہے اور اب تک اسے 73 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیا جاچکا ہے۔

بھارت میں پب جی کے 5 کروڑ کے قریب فعال پلیئرز ہیں تاہم وہاں اب اس ایپ پر پابندی لگادی گئی ہے۔

بھارت کی وزارت الیکٹرونکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مطابق اس موبائل گیم پر انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے سیکشن 69 اے کے تحت دیگر ایپس کے ساتھ پابندی عائد کی گئی۔

پابندی کی وجوہات کے حوالے سے بتایا گیا کہ یہ ایپس ایسی سرگرمیوں ملوث ہیں جو بھارت کی خود مختاری اور سالمیت، دفاع، سیکیورٹی سے متعصبانہ ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ بھارتی سائبر اسپیس کا تحفظ، سالمیت اورخودمختاری کو یقینی بنانے کے اقدام کے تحت کیا گیا اور اس اقدام سے کروڑوں بھارتی موبائل اور انٹرنیٹ صارفین کے مفادات کا تحفظ ہوگا۔

اپنے حالیہ اقدام کی وضاحت کرتے ہوئے وزارت الیکٹرونکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ انہیں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس پلیٹ فارمز پر صارفین کا ڈیٹا چرانے اور بھارت سے باہر سرورز پر منتقل کرنے کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی وزارت داخلہ کے سائبر کرائم نے بھی ان ‘ نقصان دہ ایپس’ کو بلاک کرنے کی تجاویز دی تھیں۔

بھارت میں بلاک کی گئی دیگر ایپس میں گیمز، آن لائن پیمنٹ سروسز، ڈیٹنگ سائٹس اور سیلفیز ایڈٹ کرنے والے سافٹ ویئر بھی شامل ہیں۔

جون میں بھارت نے چین سے تعلق رکھنے والی 59 ایپس بشمول ٹک ٹاک، یو سی براؤزر، وی چیٹ اور بیگو لائیو پر پابندی لگائی تھی۔

بھارت نے چین کی ایپلی کیشنز کو ملکی خودمختاری، سالمیت، دفاع اور امن و امان کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے اس پابندی کا اعلان کیا تھا۔

بعدازاں جولائی میں بھارت نے مزید 47 ایپلی کیشنز پر پابندی عائد کی تھی جن کے بارے میں بتایا جارہا تھا کہ یہ گزشتہ بند کی جانے والی ایپلی کیشنز کی کلون ایپلی کیشنز تھی۔

Related Articles

Back to top button