بین الاقوامی

پورٹ لینڈ میں پرتشدد مظاہروں میں ایک شخص کی ہلاکت، حالات پر قابو پانے کی بجائے ٹرمپ اور جوبائیڈن آمنے سامنے

امریکی شہر پورٹ لینڈ میں پرتشدد مظاہروں کے بعد صدر ٹرمپ اور ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن آمنے سامنے آ گئے، پورٹ لینڈ کے میئر نے امریکی صدر کو نفرت اور ملک میں تقسیم کا ذمہ دار قرار دے دیا۔

پورٹ لینڈ میں پرتشدد مظاہروں کے بعد صدر ٹرمپ اوران کے حریف جوبائیڈن نے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔

صدر ٹرمپ نے متعدد ٹویٹس کرتے ہوئے جوبائیڈن پر الزام لگایا کہ وہ رہنمائی کرنے سے کتراتے ہیں، امریکی صدر پورٹ لینڈ کے میئر پر بھی خوب گرجے برسے اور کہا پورٹ لینڈ میں ایک بیوقوف میئر امن بحال نہیں کر سکتا، انہوں نے شہر میں موت اور تباہی ہونے دی۔

جواب میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوارجو بائیڈن نے کہا کہ صدر ٹرمپ اپنے لاپرواہ بیانات سے تشدد کو ہوا دے رہے ہیں، انہوں نے صورت حال پر قابو پانے کے بجائے حالات کو مزید خراب کیا ہے۔

پورٹ لینڈ کے میئر نے صدر ٹرمپ کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے ملک میں نفرت اور تقسیم کی بنیاد رکھی، انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ اگرمدد نہیں کر سکتے تو اس مسئلے سے دور رہیں۔

ایک روز قبل پورٹ لینڈ میں امریکی صدر کے حامیوں اور بلیک لائیوز میٹر مہم کے حامیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپوں میں ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا تھا۔

Related Articles

Back to top button