بین الاقوامی

تجارتی اداروں اور دکان مالکان کو سخت تنبیہہ، سعودی حکومت نے بڑا بیان جاری کردیا

سعودی حکومت نے مملکت کے تمام کاروباری افراد کو اس بات کا پابند کیا ہے کہ وہ اپنی دکانوں یا تجارتی اداروں میں رقوم کی ادائیگی کیلیے ڈیجٹل پیمنٹ سسٹم نصب کروائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا ہے کہ ایسے تجارتی ادارے اور دکانیں جہاں ڈیجیٹل ادائیگی کا سسٹم نصب نہیں کرایا گیا ان کے مالکان کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خلاف ورزی کے مرتکب دکانوں اور تجارتی اداروں کو سیل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے، ترجمان وزارت تجارت نے مزید کہا کہ وزارت کی جانب سے مختلف تجارتی شعبوں کو مرحلہ وار وقت دیا گیا تھا تاکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق ادائیگی کا ڈیجیٹل سسٹم نصب کرالیں۔

وزارت کی تفتیشی ٹیموں کو احکامات صادر کردیئے گئے ہیں کہ ایسی دکانیں یا تجارتی ادارے جہاں ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم کی سہولت فراہم نہیں کی گئی ان کے خلاف تحقیقات کریں۔ اگر سسٹم کی تنصیب فنی وجوہات کی بنیاد پر ممکن نہیں ہو سکی تو اس بارے میں سعودی مانٹری اتھارٹی ساما سے معلومات حاصل کی جائیں گی۔

فنی رکاوٹ نہ ہونے پر ایسی دکانوں اور تجارتی اداروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے انہیں سیل کردیاجائے گا۔

ترجمان وزارت تجارت عبدالرحمن الحسین نے مزید کہا کہ ایسے تجارتی شعبے جہاں بغیر کسی فنی رکاوٹ کے ڈیجیٹل ادائیگی سسٹم پرعمل درآمد نہیں کیا گیا۔ ان کے مالکان درحیقیت تجارتی پردہ پوشی میں ملوث ہیں۔

Related Articles

Back to top button