بین الاقوامی

کورونا ویکسین خریدنے سے متعلق بڑا قدم، یورپی یونین نے اہم معاہدہ کر لیا

یورپی یونین نے جرمن فارماسوٹیکل کمپنی ’کیورویک‘ کے ساتھ ممکنہ کورونا ویکسین کی 25 کروڑ خوراکیں حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا۔

یورپی یونین نے کرونا ویکسین بنانے والی چوتھی کمپنی سے معاہدہ کر لیا۔اس حوالے سے یورپی کمیشن کا بیان سامنے آیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ کیورویک کے ساتھ ہونے والے ممکنہ معاہدے سے تمام ممبر ممالک کے لیے کورونا ویکسین خریدنا ممکن ہوسکے گا۔

اس سے قبل سنوفی، جی ایس کے، جونسن اینڈ جونسن اور آسٹرازینیکا کے ساتھ معاہدے کیے گئے تھے۔

یورپی کمیشن کے مطابق کیورویک کمپنی کے ساتھ ویکسین خریدنے کا حتمی معاہدہ تب ہوگا جب یہ ویکسین محفوظ اور موثر ثابت ہوگی۔

دوسری جانب روس اگلے ہفتے 40 ہزار افراد پر کرونا ویکسین کے ٹرائلز شروع کرنے جا رہا ہے جس کی نگرانی ایک غیر ملکی ریسرچ باڈی کرے گی۔

روس کی جانب سے تیار کردہ ویکسین کا نام ’سپوتنک V‘ رکھا گیا ہے جسے روسی حکام اور سائنس دانوں نے محفوظ اور موثر قرار دیا ہے اس ویکسین کے لیے 2 ماہ چھوٹے پیمانے پر ٹرائلز کیے گئے ہیں جس کے نتائج ابھی تک عام نہیں کیے گئے۔

رشین ڈائریکٹ انویسٹمنٹ فنڈ کے سربراہ کیریل دمیتریو کا کہنا ہے کہ بہت سے ممالک روسی ویکسین سے متعلق غلط معلومات پھیلا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ویکسین کا ڈیٹا رواں ماہ کے آخر میں ایک اکیڈمک جنرل میں شائع کیا جائے گا۔

کیریل دمیتریو نے دعویٰ کیا کہ روس کو دنیا بھر سے ویکسین کی ایک ارب خوراکوں کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں اور روس شراکت داری کے ساتھ کرونا ویکسین کی سالانہ 50 کروڑ خوراکیں تیار کرسکتا ہے۔

Related Articles

Back to top button