بین الاقوامی

بھارت: مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران 2 ٹکڑے ہوگیا، 16 افراد ہلاک

بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ میں قومی فضائی کمپنی ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل کر 35 فٹ نیچے گرکر دو ٹکڑے ہوگیا جس کے نتیجے میں کم از کم 16 مسافر ہلاک ہوگئے۔

ائیرانڈیا کی دبئی سے آنے والی پرواز میں عملے کے ارکان سمیت 191 مسافر سوار تھے، طیارہ لینڈنگ کے دوران کیرالہ کے کالی کٹ ائیرپورٹ پر پھسل گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مسافر طیارہ رن وے سے پھسل کر 35 فٹ نیچے وادی میں گرکر دو ٹکڑے ہوگیا جس کے نتیجے میں جہاز کے کپتان اور معاون پائلٹ سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے۔

واقعے میں 80 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کے مقام پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

بھارتی سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران پھسل کر دیوار توڑتا ہوا 35 فٹ نیچے جاگرا اور گرکر دو ٹکڑے ہوگیا جب کہ جہاز میں 174 مسافر، 10 نوزائیدہ بچے، 5 عملے کے ارکان اور 2 پائلٹ سوار تھے۔

حکام نے بتایا کہ خوش قسمتی سے حادثے کے دوران جہاز میں آتشزدگی نہیں ہوئی جس سے جانی نقصان کم ہوا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے دوران بھی ائیرپورٹ کے اطراف پانی جمع تھا اور بارشوں کے باعث امدادی کاموں میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جب کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر رہنماؤں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button