بین الاقوامی

بیروت دھماکا: سعودی عرب نے متاثرین کیلئے مثالی قدم اٹھالیا

سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے بیروت میں تباہ کن دھماکے کے زخمیوں کی مدد کے لیے طبی ٹیمیں روانہ کی ہیں۔

لبنان میں امدادی آپریشن کے لیے مختص میڈیکل سوسائٹیز کے ذریعے ایمبولینسوں اور ایمرجنسی میڈیکل ٹیموں کو متحرک کردیا گیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی لبنان میں سبل السلام سوسائٹی کی میڈیکل ٹیمیں زخمیوں کو متاثرہ مقامات سے ہسپتال منتقل کرنے کے لیے بیروت روانہ کی گئی ہیں۔

کنگ سلمان مرکز کے ماتحت عرسال میں العمل میڈیکل سینٹر سے میڈیکل ٹیم زخمیوں کی مدد، فوری طبی امداد اور ہنگامی صحت نگہداشت کے لیے بھیجی گئی ہے۔

العمل میڈیکل سینٹر نے بیروت کے ہسپتالوں میں زخمیوں کی مرہم پٹی اور خون کے عطیات جمع کرنے کی مہم بھی شروع کی ہے۔

مزید پڑھیں: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیروت دھماکوں کو حملہ قرار دے دیا

یاد رہے کہ بیروت بندرگاہ پر منگل کی شام دھماکے سے لبنانی دارالحکومت لرز گیا تھا۔

سانحے میں سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے، بیروت کے سارے علاقے متاثر ہوئے، بیشتر عمارتوں، گاڑیوں اور دکانوں کے شیشے ٹوٹ گئے، لبنان کے بالمقابل جزیرے قبرص میں بھی لوگوں نے دھماکے کی آوازیں سنیں۔

Related Articles

Back to top button