بین الاقوامی

سعودی حکومت کا بڑا فیصلہ، حج کی کامیابی کے بعد عمرہ زائرین کو بھی خوشخبری سُنا دی گئی

حج کی کامیابی پر سعودی حکومت نے عمرہ بحال کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا۔

کامیاب حج کے انعقاد کے بعد سعودی عرب کی حکومت نے عمرے پر عائد پابندی ہٹانے سے متعلق غورو خوض شروع کردیا ہے، سعودی اخبار اوکاز کی رپورٹ کے مطابق حکام نے عمرے پر عائد پابندی ہٹانے پر غور کرنا شروع کردیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ وزارت حج اور عمرہ نے کامیاب حج کے انعقاد کے بعد اشارہ دیا ہے کہ آنے والے چند ہفتوں میں عمرے پر عائد پابندی ہٹالی جائے گی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ سعودی حکومت کب تک عمرے سے پابندی ہٹانے کا ارادہ رکھتی ہے تاہم خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ستمبر کے اختتام تک اس حوالے سے اعلان کردیا جائے گا۔

کورونا کی وبا کے باعث رواں برس فروری میں سعودی حکومت نے بیرون ممالک سے عمرے کے لیے آنے والے افراد کے ملک میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی تھی۔

کورونا کے کیسز میں کمی کے باوجود سعودی حکومت نے حفاظتی اقدامات کے تحت رواں سال فریضہ حج کو بھی محدود رکھا اور کسی بھی دوسرے ملک سے عازمین کو آنے کی اجازت نہیں دی۔

اس بار فریضہ حج کے لیے سعودی حکومت نے محض 10 ہزار عازمین کا انتخاب کیا یہ تمام عازمین سعودی عرب میں رہائش پذیر تھے۔ حج کے بعد کسی بھی شخص میں کورونا کی تصدیق نہ ہونے کے بعد اب سعودی حکومت عمرے کی محدود اجازت دینے پر غور کر رہی ہے۔

وزارت حج وعمرہ کے سیکریٹری ڈاکٹرحسین الشریف کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کا ہر سطح سے جائزہ لیا جارہا ہے جو ایک روٹین کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرسال حج کے اختتام کے ساتھ ہی حج آپریشن کے تمام پہلوں پر غور کرکے جامع رپورٹ تیار کی جاتی ہے۔

سعودی عرب میں اس سال محدود حج آپریشن کی کامیابی سے اختتام پذیر ہونے پر مملکت کے آ8 شہروں سے آنے والے حجاج کو جدہ ائیر پورٹ سے ان کے شہروں کو روانہ کردیا ہے۔

ححاج واپسی کے بعد اپنے گھروں میں 14 دن تک آئسولیشن میں رہیں گے۔

Related Articles

Back to top button