بین الاقوامی

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دھماکہ، پاکستانی سفارتخانے کو بھی نقصان پہنچا

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے سے پاکستانی سفارتخانے کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔

گزشتہ روز بیروت کی بندرگاہ پر اسلحے کے گودام میں دھماکوں کے نتیجے میں 78 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ تقریباً 3000 افراد زخمی ہیں۔

ہلاک افراد میں لبنان کی خطیب پارٹی کے سیکرٹری جنرل نذر نجارائن بھی شامل ہیں جب کہ درجنوں زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے سبب اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکے اس قدر شدید تھے کہ 24 کلومیٹر دور تک عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

جیو نیوز نے بیروت میں مقیم پاکستانی سفارتی حکام سے رابطہ کیا جنہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانہ دھماکے کے مقام سے 8کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، دھماکے سے سفارتخانے کے ایک حصے کو بھی معمولی نقصان پہنچا ہے۔

سفارتی حکام کے مطابق دھماکے سے ایک پاکستانی شہری کے معمولی زخمی ہونے کی اطلاع ہے جو بلڈنگ کا شیشہ ٹوٹ کر گرنے سے زخمی ہوا ہے۔

سفارتی حکام نے بتایا کہ بیروت میں 600 کے قریب پاکستانی مقیم ہیں، زیادہ تر پاکستانی بیروت کے پہاڑی علاقوں میں رہائش پذیر ہیں اور یہ جن علاقوں میں رہائش پذیر ہے وہ بندرگاہ سے 35 کلومیٹرکے فاصلے پر ہے۔

سفارتی حکام کا کہنا تھا کہ بیروت میں مقیم پاکستانیوں سے رابطے میں ہیں اور پاکستانی سفارتخانے نے معلومات کے لیے ہاٹ لائن نمبر بھی جاری کردیا ہے۔

سفارتی حکام کے مطابق بیروت دھماکے میں ریڈکراس کے کنٹری ہیڈ عطا درانی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

Related Articles

Back to top button