بین الاقوامی

برازیل کی خاتونِ اول میشل بولسونارو بھی کورونا وائرس کا شکار

برازیل کی خاتونِ اول میشل بولسونارو بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئی ہیں، 38 سالہ خاتون اول کو وِڈ 19 کی تشخیص کے بعد آئسولیشن میں چلی گئی ہیں۔

جمعرات کو برازیل کی خاتون اول میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد میشل بولسونارو قرنطینہ میں چلی گئی ہیں، 2 روز قبل برازیلین صدر جائر بولسونارو کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔

صدارتی ایوان کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا کہ میشل بولسونارو تن درست ہیں، اور وہ طے شدہ پروٹوکولز پر عمل درآمد کرتی رہیں گی، جب کہ ان کی صحت کی دیکھ بھال صدارتی میڈیکل ٹیم کرے گی۔

برازیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ میشل بولسونارو نے 24 گھنٹے قبل ہی اپنے شوہر کے ہم راہ برازیلیا میں ایک عوامی تقریب میں شرکت کی تھی، خواتین کے حقوق سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے ماسک بھی پہنا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے اموات اور کیسز کی تعداد کے لحاظ سے برازیل امریکا کے بعد 213 ممالک میں دوسرا سر فہرست ملک ہے، اب تک برازیل میں 26 لاکھ 13 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 91 ہزار 377 ہے۔

 

Related Articles

Back to top button