خانہ کعبہ کو غسل دینے اور غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا آغاز ہو گیا

خانہ کعبہ کو غسل دینے اور غلاف کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور تقریب کا آغاز ہو گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق کسوہ فیکٹری میں تیار کیا گیا غلاف کعبہ مسجدالحرام پہنچا دیا گیا ہے۔ غلاف کعبہ کی تبدیلی میں ہرسال کی طرح ایک سو ساٹھ ماہر کارکنان حصہ لیں گے۔

غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو ریشم ، 120 کلو سنہری اور 100 کلو چاندی کا دھاگہ استعمال کیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ میں نماز عشا کی ادائیگی کے بعد غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل شروع ہو گا جو تا وقت سحر جاری رہے گا۔

دوسری جانب سعودی عرب میں مناسکِ حج کا آغاز ہو گیا ہے۔ عازمین کے قافلے مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے ہیں۔

مناسک حج کی ادائیگی کے لیے محدود پیمانے پر ایک ہزار عازمینِ حج منی پہنچے ہیں۔ فرض نمازوں کے علاوہ نفلی عبادات بھی کی جارہی ہیں۔

سعودی وزارت صحت کی جانب سے پچاس عازمین حج کو ایک ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی سہولت دی گئی ہے۔

عازمین رات منیٰ میں گزارنے کے بعد فجر کی نماز ادا کرکے میدان عرفات روانہ ہونگے جہاں وہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

منی روانگی سے قبل احرام باندھے عازمین نے مسجد الحرام میں نوافل ادا کیے اور حرم میں سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے خانہ کعبہ کا طواف کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں