بین الاقوامی

چینی خاتون نے اپنے ساتھ مزید کتنے افراد کو کوویڈ 19میں مبتلا کردیا؟ تہلکہ خیز خبر آگئی

امریکہ سے چین واپس آنے والی ایک خاتون نے لاعلمی میں عمارت کی لفٹ استعمال کرکے اپنے ساتھ مزید 71 افراد کو کوویڈ 19میں مبتلا کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک خاتون19 مارچ کو امریکا سے واپس چین کے صوبے ہیلونگجیانگ میں اپنے گھر واپس اس وقت لوٹی تھی جب اس کے علاقے میں کوویڈ 19 کے نئے کیسز 8 دن سے رپورٹ نہیں ہوئے تھے۔

طبی جریدے جرنل ایمرجنگ انفیکشیز ڈیزیز میں اس کیس کی تفصیلات شائع ہوئیں جن کے مطابق اس خاتون (نام ظاہر نہیں کیا گیا) میں بیماری کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں بلکہ وائرس کا ٹیسٹ بھی منفی رہا تھا، مگر اس نے خود کو گھر تک محدود کرلیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت میں اس نے اکیلے لفٹ کو استعمال کیا تھا، جس کے بعد اس نیچے کی منزل میں موجود ایک پڑوسی نے اس لفٹ کو استعمال کیا۔

29مارچ کو اس پڑوسی کی ماں اور ماں کا بوائے فرینڈ فلیٹ میں اس سے ملنے آئے اور لوگوں کے ایک گروپ کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔

پھر 2 اپریل کو اس گروپ میں سے ایک کو فالج کا سامنا ہوا اور اسپتال لے جایا گیا، تاہم اس وقت امریکا سے آنے والی خاتون سے اس کوئی واضح تعلق نظر نہیں آیا تھا بلکہ اس مریض کا کورونا وائرس ٹیسٹ بھی نہیں ہوا تھا۔

طبی ماہرین نے بعد میں دریافت کیا کہ امریکا سے آنے والی خاتون نے اپنی عمارت کی لفٹ کو وائرس سے آلودہ کردیا تھا اور نچلی منزل کی پڑوسی لفٹ استعمال کرنے پر وائرس کا شکار ہوئی۔

اس پڑوسی نے آگے اپنی ماں اور بوائے فرینڈ کو کووڈ 19 کا شکار بنایا اور پھر فالج کے مریض اور اس کے 2 بیٹوں تک بھی اس بیماری کو پھیلا دیا۔

فالج کے مریض کو 6 اپریل کو دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر اس دوران مریض اور اس کے بیٹوں نے پہلے ہسپتال میں 28 افراد بشمول 5 نرسوں اور ایک ڈاکٹر کو وبائی مرض کا شکار بنایا جبکہ دوسرے ہسپتال میں مزید 20 افراد تک وائرس کو پہنچادیا۔

یہ سب کیسز اس وقت سامنے آئے جب نچلی منزل کی پڑوسی کی ماں کے بوائے فرینڈ میں کووڈ 19 کی علامات سامنے آئیں اور ٹیسٹ میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی۔

محققین نے جب یہ جانا کہ اس عمارت میں ایک خاتون حال ہی میں بیرون ملک سے آئی ہے تو اس کا ایک بار پھر ٹیسٹ ہوا اور اس بار اینٹی باڈیز کو دریافت کیا گیا جس سے عندیہ ملا کہ وہ پہلے کووڈ 19 کا شکار رہ چکی ہے۔

چینی محققین نے بتایا کہ ہمارا ماننا ہے کہ یہ خاتون کووڈ 19 کا بغیر علامات والا کیس تھی جس سے خارج ہونے والی وائرس نے لفٹ کی سطح کو آلودہ کیا اور نچلی منزل کی پڑوسی اس کا شکار ہوئی اور پھر یہ سلسلہ آگے پھیلتا چلا گیا۔

انہوں نے کہا کہ نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ کووڈ 19 کا بغیر علامات والا ایک مریض بھی بڑے پیمانے پر اس وائرس کو پھیلانے کا باعث بن سکتا ہے۔

Related Articles

Back to top button