بین الاقوامی

کورونا وائرس: برطانوی حکومت کا فیس ماسک سے متعلق اہم بیان جاری، جانیے تفصیلات

برطانیہ میں کورونا وائرس سے پھیلنے والی وبا کی روک تھام کے سلسلے میں ماسک پہننے کے حوالے سے نیا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق برطانوی حکومت نے دکانوں کے اندر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا ہے، دکانوں میں ماسک پہننے کی پابندی کا اطلاق 24 جولائی سے ہوگا۔

خلاف ورزی پر جرمانہ بھی مقرر کیا گیا ہے، حکم نامے کے مطابق دکانوں میں ماسک پہننے کے حکم کی خلاف ورزی پر 100 پاؤنڈز جرمانہ ہوگا۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن تقریباً ختم کیا جا چکا ہے، اور اب حکومتی سطح پر ماسک کے حوالے سے شہریوں پر زور دیا جا رہا ہے کیوں کہ ملک میں کو وِڈ 19 انفیکشن کی دوسری لہر کا خطرہ موجود ہے۔

چند دن قبل برطانیہ کی رائل سوسائٹی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے فیس ماسک کا استعمال نا گزیر ہے لہٰذا شہری پابندی کے ساتھ اسے پہنیں۔ رائل سوسائٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بالخصوص گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں، اور عوامی ٹرانسپورٹ میں اپنا چہرہ ضرور ڈھانپیں۔

رائل سوسائٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ برطانیہ میں لاک ڈاؤن ختم ہونے کے بعد لوگوں کا باہمی میل ملاپ بڑھ گیا ہے، عام طور پر لوگوں کو ماسک پہننے کی عادت نہیں مگر کرونا کا پھیلاؤ روکنے اور خود کو محفوظ رہنے کے لیے فیس ماسک لازمی استعمال کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ برطانیہ ہلاکتوں میں تیسرا سر فہرست ملک ہے، برطانیہ میں مجموعی اموات 44,830 ہو گئی ہیں، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد بھی 2 لاکھ 90 ہزار سے بڑھ گئی ہے، برطانیہ نے صحت یاب ہونے والے مریضوں کا ڈیٹا جاری نہیں کیا۔

Related Articles

Back to top button