بین الاقوامی

امریکا میں خوفناک دھماکہ، آگ کے شعلے فصا میں بلند۔۔۔ تحقیقاتی ٹیمیں متحرک ہوگئیں

امریکی شہر سان ڈیاگو کے نیول بیس پر بحری جہاز میں خوف ناک دھماکا ہوا، جس سے بحری جہاز میں آگ بھڑک اٹھی۔

امریکی میڈیا کے مطابق سان ڈیاگو نیول بیس پر بحری جہاز میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، آگ لگنے سے جہاز پر موجود 21 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ بجھا کر کولنگ شروع کر دی، آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی، امریکی نیول حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت جہاز پر 160 افراد سوار تھے، جن سے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

زخمیوں میں بون ہوم رچرڈ نامی بحری جہاز کے عملے کے 17 ارکان شامل ہیں، جب کہ 4 سویلینز زخمی ہوئے، یہ واقعہ اتوار کی صبح کو پیش آیا، علاقے میں دھواں سارا دن پھیلا رہا، نیوی اور فائر حکام کی جانب سے واقعے کے سلسلے میں تحقیقات جاری ہیں۔

حکام نے اس بات کا امکان ظاہر کیا ہے کہ آگ بحری جہاز کے نچلے کارگو سے شروع ہوئی، جہاں جہاز کا سامان اور گاڑیاں اسٹور تھیں۔ ابتدائی طور پر نقصان کا درست اندازا بھی نہیں لگایا جا سکا ہے، زخمی افراد کا بھی علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے، یہ افراد دھویں اور تپش سے زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد سان ڈیاگو کاؤنٹی ایئر پلوشن کنٹرول ڈسٹرکٹ نے ایک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے علاقے کے لوگوں کو ہدایت کی کہ جہاں انھیں دھواں محسوس ہو، وہاں وہ اپنی سرگرمیاں محدود کر دیں، ممکن ہو تو گھروں کے اندر رہیں، تاکہ وہ فضا میں موجود نقصان دہ ذرات سے محفوظ رہیں۔

Related Articles

Back to top button