بین الاقوامی

یک طرفہ انضمام اسرائیل اور فلسطین کے درمیان قیام امن کے امکانات کے لیے زہر قاتل ہے: یورپی پارلیمان

یورپی ارکان پارلیمان نے اسرائیلی منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مغربی کنارے کے بعض حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کی مخالفت کر دی۔

فلسطینی علاقے مقبوضہ مغربی کنارے کے بعض حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کی یورپی ارکان پارلیمنٹ نے بھی مخالفت کر دی۔

یورپی ارکان پارلیمان نے غرب اردن کے اسرائیل میں انضمام کے خلاف یورپی وزرائے خارجہ کو خط لکھا ہے۔ جس میں اسرائیل کو ایسا کرنے سے باز رکھنے کے لیے متنبہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یک طرفہ انضمام اسرائیل اور فلسطین کے درمیان قیام امن کے امکانات کے لیے زہر قاتل ہے،اسرائیلی اقدام بین الاقوامی تعلقات کے انتہائی بنیادی اصولوں پر سوال اٹھا سکتا ہے۔خط میں متنبہ کیا گیا ہےکہ اسرائیلی اقدام خطہ عدم استحکام کاباعث بن سکتا ہے۔

خط پر پچیس ملکوں سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار اسی ارکان پارلیمان کے دستخط کیے ہیں جن میں سے دو سو چالیس سے زائد اراکین کا تعلق برطانیہ سےہے۔دستخط کرنے والوں میں حکمران کنزرویٹیو پارٹی اور حزب مخالف کی لیبر پارٹی کے ارکان پارلیمان بھی شامل ہیں۔

یورپی ارکان پارلیمان نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیلی منصوبہ روکا نہ گیا تو متنازعہ دعوے رکھنے والے ملکوں کو شہ ملے گی، سب بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کو پسِ پشت ڈال دیں گے۔

انیس سو سڑسٹھ میں عرب اسرائیل جنگ کے دوران غرب اردن پر اسرائیل کے قبضے کے بعد سےچار لاکھ 30 ہزار افراد 130 نئی آبادیوں میں رہے ہیں۔

نوآبادیات کو بین الاقوامی قوانین کے تحت غیر قانونی سمجھا جاتا ہے، اسرائیل اور امریکا ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ مؤقف تسلیم کرنے سے گریزاں ہیں۔

Related Articles

Back to top button