بین الاقوامی

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کا چین کے ساتھ بھی کشیدگی میں اضافہ، چینی حکام نے ردِعمل دے دیا

جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی ہمسائیہ ملک چین کے ساتھ بھی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا اور لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر جنگ کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔

بھارتی فوج کے مطابق سرحد پر کشیدگی کے دوران اس کے کرنل سمیت تین فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں، اس صورتحال پر چین کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں کشیدگی کی وجہ بھارت ہے۔

ذرائع کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لی جیانگ نے کہا ہے کہ بھارتی فوجی پیر کو دو بار ایل اے سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد پار داخل ہوئے اور اس دوران انہوں نے چینی اہلکاروں پر حملہ کیا۔ جس کے نتیجے میں فریقین کا نقصان ہوا۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین سرحدی کشیدگی ختم کرنے کے لیے بھارت کے ساتھ مذاکرات کررہا تھا تاہم بھارت نے مذاکرات کے درمیان حملہ جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا چینی جوانوں نے بھارتی حملے کا مضبوط جواب دیا۔

چین کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارت چین جھڑپ کے دوران پانچ فوجی ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہوئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق مئی سے اب تک دونوں ممالک ایل اے سی پر لداخ ریجن میں ہزاروں فوجی تعینات اور بھاری اسلحہ نصب کرچکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے بھی چین نے دنیا پر واضح کیا تھا کہ بھارت سرحدی علاقے میں مسلسل کشیدگی پھیلا رہا ہے جبکہ گزشتہ دنوں میں بھی دونوں ممالک کے فوجیوں کے درمیان کشیدگی کی خبریں سامنے آتی رہی ہیں تاہم 75سال میں پہلی بار اس سرحد پر ہوئی کشیدگی میں فوجی مارے گئے ہیں۔

پوری دنیا کی نظریں اس خطے پر لگ چکی ہیں کیونکہ پاکستان بھی یہ واضح کر چکا ہے کہ بھارت کی وجہ سے پورے خطے کا امن تباہ ہورہا ہے، عالمی برادری اس چیز کا نوٹس لے، کیونکہ بھارتی رویہ نا مناسب ہے اور اسکی وجہ پورے خطے کا امن تباہ ہوتا جا رہا ہے۔

Related Articles

Back to top button