بین الاقوامی

اپنا منہ بند کرو اور واپس افریقہ جاؤ، امریکا کے بعد برطانیہ میں بھی نسلی تعصب پرمبنی ہنگامے

سیاہ فام امریکی کے قتل کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران سفید فام برطانوی شہریوں نے ’واپس افریقہ جاوٗ‘ کا نسل پرستانہ نعرہ لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکا اور برطانیہ سمیت دنیا بھر میں نسلی تعصب اور پولیس تشدد کے خلاف گزشتہ دو ہفتوں سے مظاہرے جاری ہیں تاہم اب نسل پرست برطانوی شہریوں نے بھی مظاہرے شروع کردئیے ہیں۔

نسل پرستانہ مظاہرہ گزشتہ روز برطانوی شہر ہارٹفورڈشائر میں اس وقت شروع ہوا جب ہوڈسڈن کلاک ٹاور کے مقام پر سیاہ فام شخص کی امریکی پولیس کے تشدد سے ہلاکت اور نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج جاری تھا۔

تین سو قریب مظاہرین احتجاج کررہے تھے کہ اچانک انہیں نسل پرستوں کے بڑے مظاہرے کا سامنا کرنا پڑا جن کی بڑی تعداد سفید فام مردوں پر مشتمل تھی، جو ’اپنا منہ بند کرو اور واپس افریقہ جاوٗ‘ کے نعرے لگارہے تھے۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ نسلی امتیاز کے خلاف مظاہرہ کرنے والے ایک شخص نے نسل پرست سفید فام برطانوی کو نازی سلام کرتے بھی دیکھا۔

مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر موجود پولیس اہلکار بھی نسل پرست برطانوی شہریوں کو روکنے میں ناکام رہے۔

برطانوی میڈیا کا ذرائع کے مطابق کہنا ہے کہ سفید فام نسل پرستوں نے ہوڈسڈن میں جنگ عظیم دوئم کی یادگار کے دفاع میں ریلی نکالی تھی کیونکہ اتوار کے روز سطی لندن میں ونسٹن چرچل کے مجمسے کو زمین بوس کردیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ برطانیہ بھر میں اتوار کے روز نسلی تعصب اور پولیس تشدد کے خلاف شدید مظاہرے ہوئے تھے، احتجاج کے دوران ہزاروں کی تعداد میں موجود برطانوی مظاہرین نے دارالحکومت لندن میں واقع امریکی سفارتخانے کا گھیراوٗ بھی کرلیا تھا۔

Related Articles

Back to top button