بین الاقوامی

سعودی عرب نے کورونا وائرس سے متعلق عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

سعودی شعبہ صحت نے عوام کو بتایا کہ مملکت میں نئے کورونا وائرس کی دوسری لہر نہیں آئے گی، جن ممالک نے کورونا کے مکمل خاتمے کے انتظامات ختم کردیئے وہ ممالک اس سے متاثر ہوں گے۔

خلیجی ہیلتھ کونسل کے ماتحت صحت عامہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر احمد العمار نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں نئے کورونا وائرس کی دوسری لہر نہیں آئے گی۔

سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق العمار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو بیان میں ملک بھر میں پھیلے ہوئے ان خدشات کو دور کیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر پہلی لہر سے زیادہ شدت سے آئے گی۔

صارفین نے اس حوالے سے نو ہزار سے زیادہ ٹویٹس کی تھیں اور ٹوئٹر پر وائرس کی لہر کی دوسری اطلاع ٹرینڈ بن گئی تھی۔

ڈاکٹر احمد العمار نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے انتباہ کے مطابق کورونا وائرس کی دوسری لہر ان ملکوں میں زیادہ شدت سے آئے گی جہاں وائرس سے بچاؤ کے سارے انتظامات ختم کردیے گئے ہیں۔

عالمی ادارہ صحت خبردار کیے ہوئے ہے کہ اگر ویکسین دریافت نہ ہوئی تو آئندہ موسم سرما میں اس قسم کے ممالک وائرس کی دوسری لہر سے بری طرح متاثر ہوں گے۔

صحت عامہ کے ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کا معاملہ بالکل الگ ہے۔ سعودی عرب سمیت کسی بھی خلیجی ملک نے کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات یکدم ختم نہیں کیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر ملک نے وائرس کے خطرات کا گہرائی سے جائزہ لے کر حفاظتی اقدامات میں آہستہ آہستہ نرمی کی ہے۔

لہٰذا عالمی ادارہ صحت کی تنبیہہ کا تعلق سعودی عرب سمیت کسی بھی خلیجی ملک سے نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وائرس کی ویکسین آجائے گی اور یہ بھی امید ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک میں وبا کی دوسری لہر نہیں آئے گی۔

Related Articles

Back to top button