بین الاقوامی

افغان حکومت نے معاہدے کے تحت طالبان کے مزید 900 قیدیوں کو رہا کر دیا

افغانستان میں عارضی جنگ بندی کے آخری روز اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، افغان حکومت نے طالبان کے 900 قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق افغانستان میں نو سو طالبان قیدیوں کو رہا کر دیا گیا، بدلے میں افغان طالبان نے بھی جلد بڑی تعداد میں حکومتی قیدیوں کو رہا کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق طالبان قیدیوں کو بگرام اور پُل چرخی جیل سے رہا کیا گیا، افغان طالبان نے عید کے لیے جنگ بندی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد افغان حکومت نے 2 ہزار طالبان قیدی رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔

افغانستان کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان جاوید فیصل کے مطابق فی الوقت 900 قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے، جس پر افغان طالبان کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا۔

طالبان ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کی جانب سے 900 قیدیوں کی رہائی اچھی پیش رفت ہے، افغان طالبان بھی جلد بڑی تعداد میں حکومتی قیدیوں کو رہا کریں گے۔

واضح رہے کہ 23 مئی کو افغان حکومت اور طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر تین روزہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد صدر اشرف غنی نے 2 ہزار طالبان قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا تھا، افغان صدر کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان کی 3 روزہ جنگ بندی کے جواب میں قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے، حکومت نے یہ فیصلہ خیر سگالی کی جانب ایک قدم قرار دیا۔

امریکا اور طالبان کے مابین فروری میں طے پانے والے تاریخی معاہدے کے تحت افغان حکومت 5 ہزار طالبان قیدی اور طالبان ایک ہزار سیکورٹی اہل کار رہا کرنے کے پابند ہیں۔

 

Related Articles

Back to top button