بین الاقوامی

ایئر پورٹس پر داخلی پروازیں بحال کرنے سے متعلق سعودی حکومت کا اہم اعلان

سعودی عرب کے 11 ایئر پورٹس پر داخلی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا، داخلی پروازیں 31 مئی سے بحال ہوں گی۔

سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے اعلان کیا ہے کہ صحت حکام کی سفارش پر اتوار 31 مئی سے سعودی عرب میں داخلی پروازیں بحال ہو جائیں گی اور 11 ایئر پورٹس سے پروازیں چلیں گی۔

محکمہ شہری ہوا بازی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ داخلی پروازیں بتدریج بحال ہوں گی، تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سعودی ایئر پورٹس سے سفر کرنے والوں کو تمام حفاظتی تدابیر اور ضروری صحت انتظامات کی پابنددی کرنا ہوگی۔

بیان کے مطابق محکمہ شہری ہوا بازی، وزارت صحت اور ایئر پورٹس کے تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے انتظامات کر چکا ہے۔

محکمہ شہری ہوا بازی نے بتایا کہ پروازیں کئی مرحلوں میں بحال ہوں گی، 2 ہفتوں کے دوران ملک کے تمام ایئر پورٹس کے لیے پروازیں مہیا ہوں گی۔

پہلے مرحلے کے لیے پروازوں کا آغاز ریاض، جدہ، دمام، مدینہ منورہ، قصیم، ابہا، تبوک، جازان، حائل، باحہ اور نجران سے ہوگا۔

دوسری جانب سعودی ریلوے جنرل کارپوریشن نے بھی اعلان کیا ہے کہ اتوار 31 مئی سے ریاض اور دمام ٹرین سروس بحال ہو جائے گی۔

ریلوے کارپوریشن کا کہنا ہے کہ جو لوگ ریاض ۔ دمام ٹرین سے سفر کرنا چاہتے ہیں وہ بدھ 27 مئی سے کارپوریشن کی ویب یا ایپ کے ذریعے ریزرویشن کروا سکتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button