بین الاقوامی

پاکستانی طلبہ چین کے بارے میں مزید پڑھیں: چینی صدر شی جن پنگ

چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے کہ پاکستانی طلبہ چین کے بارے میں مزید پڑھیں، اپنے چینی دوستوں سے زیادہ بات چیت کریں اور ہمارے ملک میں جو دیکھتے ہیں اس کے مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر کریں۔

تفصیلات کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے سائنس و ٹیکنالوجی یونیورسٹی بیجنگ میں تعلیم حاصل کرنے والے تمام پاکستانی طلبا کے ایک خط کا جواب دے دیا۔

جواب میں چینی صدر صدر شی جن پنگ نے چین میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے آنے والے دنیا کے تمام ممالک کے بہترین نوجوانوں کا خیرمقدم کیا ہے۔

چین کے مقامی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ صدر شی جن پنگ نے اپنے خط میں طلباءکی حوصلہ افزائی کی کہ وہ چینی ہم منصبوں اورہم درجہ طلباءکے ساتھ زیادہ سے زیادہ بات چیت کریں۔

انہوں نے مزید لکھا کہ تمام ممالک کے نوجوان ، عوام سے عوام کے رابطے کو فروغ دینے اور انسانیت کے مشترکہ مستقبل والے معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

چینی اخبار ’گلوبل ٹائمز‘ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی طرف سے لکھے گئے خط کے جواب ملنے پر پاکستانی طلبہ بہت زیادہ خوش ہیں، چین اور پاکستان حقیقی دوست ہیں، ہر دکھ سکھ کے ساتھی ہیں۔

طالبعلموں نے گلوبل ٹائمز کو بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے ہمارا بہت خیال رکھا، ہمیں ماسک دیئے، ہمارا روزانہ کی بنیاد پر جسمانی درجہ حرارت چیک کیا اور دیگر مدد بھی کی۔

ایک اور طالبعلم نے بتایا کہ بیماری کی وجہ سے ہماری تعلیم متاثر نہیں ہوئیں، لیکچر، اسائمنٹ اور ریسرچ سے متعلق تمام تعلیم معمول کے مطابق جاری رہی، سب کچھ معمول کے مطابق چل رہا تھا، ہم کافی عرصہ تک قرنطینہ میں رہے تاہم اس دوران آن لائن طریقے سے ہمیں تعلیم حاصل کرنے کو ملتی تھی۔

یارہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے کورونا وائرس سے چین میں ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔

چینی صدر نے اس نازک وقت میں پاکستان کی طرف سے چین کی حمایت پراظہار تشکر کیا اور کہا کہ چین کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے مؤثر، بروقت اور بھرپور اقدامات کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کوویڈ۔19 کے خلاف جاری جنگ میں سرخرو ہو کر سامنے آئے گا۔ پاکستانی طلبہ کے ساتھ اپنوں جیسا سلوک کر رہے ہیں اور انکی حفاظت، صحت اور بھلائی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

چینی صدر نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے چین کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سی پیک اہم ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ اس وقت چین میں 000 28سے زائد پاکستانی طلبا زیر تعلیم ہیں۔ تقریباً 6156 پاکستانی طلبا پی ایچ ڈی میں ،600 3ماسٹرز میں ،100 11بیچلرز میں اور ،000 3 مختصر مدت کے تبادلہ جاتی پروگرام کے تحت چین میں زیر تعلیم ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت پاکستانی طلباءچین میں چینی زبان، انجینئرنگ، میڈیکل، کمپیوٹر سائنس اور مختلف دیگر شعبوں میں بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

 

Related Articles

Back to top button