بین الاقوامی

کورونا وائرس: چین پر ایک اور سنگین الزام، بیجنگ حکومت کا امریکی اقدام کو غیر اخلاقی حرکت قرار

امریکا کے وفاقی ادارہ تحقیقات (ایف بی آئی) اور سائبر سکیورٹی کے ماہرین نے یہ یقین ظاہر کیا ہے کہ چینی ہیکر کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاری کے ضمن تحقیق چْرانے کی کوشش کررہے ہیں۔

امریکی میڈیاکے مطابق ایف بی آئی اور داخلی سلامتی کا محکمہ دونوں چینی ہیکروں کی کوشش سے متعلق انتباہ جاری کرنے والے ہیں۔ جبکہ حکومتیں اور نجی فرمیں کووِڈ19 کے علاج کے لیے ویکسین کی تیاری میں دن رات ایک کیے ہوئے ہیں۔ ہیکر اپنے حملوں میں کووِڈ19 کی ٹیسٹنگ اور علاج سے متعلق معلومات اور دانشورانہ حقوق املاک  کو بھی ہدف بنا رہے ہیں۔

ان اخباری رپورٹس کے مطابق امریکی حکام نے الزام عاید کیا کہ یہ ہیکر چینی حکومت سے تعلق رکھتے ہیں اور انھیں آیندہ دو چار روز میں سرکاری طور پر خبردار کردیا جائے گا۔ادھر بیجنگ میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڑاؤ لی جیان نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے اور ان کا کہنا تھاکہ چین ہر طرح کے سائبر حملوں کو مسترد کرتا ہے۔

انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ اس وقت ہم کووِڈ19 کے علاج اور ویکسین کی تیاری کے عمل میں دنیا کی قیادت کررہے ہیں۔ایسے میں کسی ثبوت کے بغیر چین کو افواہوں اور مضحکہ خیز کہانیوں کے ذریعے ہدف بنانا بالکل غیر اخلاقی حرکت ہے۔

Related Articles

Back to top button