بین الاقوامی

مصر: ٹرک ڈرائیور نے حاضر دماغی سے شہر کو خوفناک تباہی سے بچالیا

مصر کے صوبے الشرقیہ میں ٹرک ڈرائیور نے حاضر دماغی سے شہر کو خوفناک تباہی سے بچالیا۔

عرب میڈیا کے مطابق 51 سالہ ڈرائیور طلعت سالم ’العاشر من رمضان‘ شہر میں 45 ٹن ایندھن سے بھرا ٹرک آف لوڈ کر رہا تھا۔ اس دوران طلعت نے دیکھا کہ ٹرک کے ایک حصے میں آگ بھڑک اٹھی ہے۔ ڈرائیور تیزی سے حرکت میں آیا اور اپنے ٹرک کو بھگاتا ہوا رہائشی علاقے سے دور لے گیا۔

سعودی نشریاتی ادارہ العربیہ سے بات کرتے ہوئے طلعت نے بتایا کہ آگ کا بھڑکتا شعلہ دیکھتے ہی ذہن میں یہ بات آئی کہ ٹرک کو فوری طور پر رہائشی علاقے سے دور پہاڑیوں کی جانب لے جائے۔

طلعت نے مزید بتایا کہ میں یہ جانتا تھا کہ آگ لگنے کے بعد ٹرک میں کسی بھی وقت دھماکا ہوسکتا تھا مگر اس کے باوجود اپنی جان کی پروا نہیں کی۔ اس وقت مجھ پر ایک ہی دُھن سوار تھی کہ علاقے کی آبادی کو اس خوف ناک آگ سے بچا لوں جو پٹرول اسٹیشن پر ٹرک میں دھماکے کی صورت میں لگ جاتی۔ اگر چند منٹ مزید سوچنے میں لگادیتا تو پورا ایندھن اسٹیشن تباہ ہو جانا تھا۔

الشرقیہ صوبے کے گورنر ڈاکٹر ممدوح غراب نے ڈرائیور طلعت سلیم کو اپنے دفتر میں مدعو کرکے اعزاز و اکرام سے نوازا۔

Related Articles

Back to top button