کورونا کا خطرہ اب تک ٹلا نہیں، پابندیاں ہٹانے میں جلدبازی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے: کینیڈین وزیراعظم

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ پابندیاں ہٹانے میں جلدبازی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، صوبوں نےلاک ڈاوَن ختم کیا تو وائرس دوبارہ پھیل سکتا ہے۔

اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر کینیڈا کو دوبارہ سخت لاک ڈاوَن کی طرف دھکیلے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا خطرہ اب تک ٹلا نہیں، احتیاط ضروری ہے، لاک ڈاوَن میں نرمی مرحلہ وار طریقے سے ہو گی۔

خیال رہے کہ کینیڈا میں کورونا سے آج مزید 121 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ ملک میں اموات کی کل تعداد 4 ہزار690 ہو گئی ہے۔

ورلڈ و میٹر کے مطابق کینیڈا میں کورونا کے مزید 1,185 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ کینیڈا میں کورونا متاثرین کی تعداد 67,619 ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے پوری دنیا میں متاثرہ افراد کی تعداد 40 لاکھ 73 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ کورونا وائرس نامی مہلک وبا کے باعث اب تک جہان فانی سے دو لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کوچ کر چکے ہیں۔

پوری دنیا میں اب تک اپنے یقین، مضبوط قوت ارادی اور طاقتور مدافعتی نظام کی بدولت 14 لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد کورونا کو شکست بھی دے چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 13 لاکھ 35 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ 79 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی جا چکی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں