ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے اہلکار میں بھی وائرس کی تشخیص

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے وائٹ ہاؤس کے اہلکار میں بھی مہلک ترین کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

عالمگیر وبا قرار دئیے جانے والے نئے اور مہلک ترین کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہوئی ہے لیکن سب سے متاثرہ ملک امریکا ہے جہاں متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد پچہتر ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

امریکا میں روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں نئے کرونا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ کام کرنے والے اہلکار میں بھی وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس کے اہلکار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اب روزانہ کی بنیاد پر اہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں وائرس سے زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 77 ہزار سے زائد ہوچکی ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد بارہ لاکھ 96 ہزار 876 کا ہندسہ عبور کرچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست نیویارک امریکا کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے جہاں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 37 ہزار چار سو اکیس ہے اور چھبیس ہزار 365 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں