بین الاقوامی

شارجہ کی 49 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ بھڑکنے کا معاملہ، خُفیہ ہاتھ سامنے آگیا۔۔۔ اہم تفصیلات جانئے

شارجہ کی 49 منزلہ رہائشی عمارت میں آگ پھیلنے کی وجہ معلوم کر لی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے بیرونی حصے پر غیر قانونی ایلومینئم تہ نصب کی گئی تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے آگ کے پھیلنے اور تباہی کا باعث بنی۔ تفصیلات کے مطابق شارجہ پولیس کے فرانزک ڈیپارٹمنٹ نے 49 منزلہ ایبو ٹاور میں لگنے والی آگ کے پھیلاو کی وجہ معلوم کر لی ہے۔

اس حوالے سے شارجہ پولیس کا کہنا ہے کہ بلند و بالا عمارت کے بیرونی حصے پر ایلومینئم تہ نصب کی گئی تھی جو آگ کے پھیلاو کا باعث بنی۔ بتایا گیا ہے کہ شارجہ میں ماضی میں عمارتوں میں آگ بھڑکنے کے واقعات کے بعد 2017 میں عمارتوں میں ایلومینئم تہ کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ جبکہ جن عمارتوں پر پہلے سے ہی ایلومینئم تہ نصب تھی، ان عمارتوں کے مالکان کو ایلومینئم تہ ہٹانے کی تلقین کی گئی تھی، تاہم اسے نظر انداز کر دیا گیا۔

عمارت 2017 سے قبل تعمیر کی گئی تھی۔ 2017 میں پابندی عائد کی گئی تھی کہ 23 میٹر سے زائد بلندی والی عمارتوں پر ایلومینئم تہ استعمال نہیں کی جا سکتی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ منگل کی شب کو عمارت میں لگنے والی آگ ایلومینئم تہ کی وجہ سے مزید بھڑکی اور پھر عمارت میں تباہی مچا دی۔ واضح رہے کہ شارجہ میں گزشتہ رات النہدہ کے ایک رہائشی ٹاور میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔

مزید پڑھیں: شارجہ کی رہائشی عمارت میں آتشزدگی، کئی افراد زخمی ہو گئے

اس واقعے میں 12 لوگ زخمی ہوئے، جن میں سے سات کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی، جبکہ پانچ کو دھوئیں کے باعث سانس لینے میں شدید دُشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ان افراد کی حالت خراب ہونے کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایبو ٹاور میں یہ ہولناک آگ دسویں فلور پر رات 9 بجے لگی تھی۔ جس پر دو گھنٹوں میں قابو پا لیا گیا۔ 49 منزلہ اُونچی اس عمارت میں 38 فلورز رہائشیوں کے لیے مخصوص ہیں، دو فلورز پر انتظامیہ کی جانب سے خدمات دی جاتی ہیں، 9 فلورز پر پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔ جبکہ ہر فلور پر 12 فلیٹس واقع ہیں۔

Related Articles

Back to top button