بین الاقوامی

کورونا وائرس کے پیشِ نظر سعودی حکومت نے عوام کے لیے آن لائن نکاح کی سہولت متعارف کروا دی

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے بحران کے دوران دارالحکومت ریاض میں 500 سے زائد جوڑوں کے آن لائن نکاح منعقد کیے گئے، نئی سہولت کے تحت نئے جوڑے کے نکاح کی ساری کارروائی آن لائن نمٹا دی جاتی ہے۔

سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ دارالحکومت ریاض میں کرونا وائرس کے بحران کے دوران 542 نکاح آن لائن کیے گئے۔

وزارت نے آن لائن نکاح کے لیے ’ناجز‘ گیٹ کے ذریعے دلہا دلہن کو عدالتوں میں حاضری کے بغیر نکاح کی سہولت فراہم کر رکھی ہے۔

وزارت انصاف نے آن لائن نکاح کی سہولت نئے کرونا وائرس سے مقامی شہریوں کو بچانے کی خاطر متعارف کروائی ہے۔ اس طریقہ کار کی بدولت نئے جوڑے کو نکاح کی کارروائی کے لیے عدالت نہیں آنا پڑتا اور ساری کارروائی آن لائن نمٹا دی جاتی ہے۔

آن لائن نکاح کے تحت نئے جوڑے کو نکاح خواں کے انتخاب کی سہولت دی جاتی ہے، نکاح کی تاریخ اور وقت کا انتخاب آن لائن ہوجاتا ہے۔

نکاح نامے کی توثیق بھی عدالتوں اور وزارت انصاف کے مختلف دفاتر کے چکر لگائے بغیر آن لائن ہو جاتی ہے۔

آن لائن نکاح سے ایک سہولت یہ بھی مہیا ہوتی ہے کہ نئے جوڑے کو طبی معائنے کے لیے اسپتال نہیں جانا پڑتا بلکہ یہ کام بھی آن لائن انجام پا جاتا ہے۔

علاوہ ازیں مقامی شہریوں کو نکاح کا اندراج محکمہ احوال مدنیہ میں کروانا پڑتا ہے، نکاح کا اندراج آن لائن ہو جاتا ہے اور اس کے لیے الگ سے کوئی کارروائی کی ضرورت پیش نہیں آتی۔

Related Articles

Back to top button