بین الاقوامی

لیبر پارٹی کے لیڈر کا مسئلہ کشمیر سے بطور پارٹی دستبرداری کا اعلان، ہندو رہنما کو خط ارسال کرنے پر تنقید کی زد میں

برطانوی قائد حزب اختلاف اور لیبر پارٹی کے نو منتخب لیڈر سر کیئر اسٹارمر برطانوی ہندو رہنما کو خط ارسال کرنے پر تنقید کی زد میں آگئے، کیئر اسٹارمر نے کشمیر کو ہندوستان کا آئینی مسئلہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی اراکین پارلیمنٹ، پارٹی ممبران، کمیونٹی اور سیاسی رہنماؤں کی جانب سے قائد حزب اختلاف اور لیبر پارٹی کے نو منتخب لیڈر سر کیئر سٹارمر کے برطانوی ہندو تنظیم کی رہنما کو لکھے گئے ایک خط پر شدید غم و غصّے کا اظہار کیا گیا ہے۔

خط میں سر کیئر سٹارمر نے مسئلہ کشمیر سے بطور پارٹی دستبرداری اور کشمیر کو ہندوستان کا آئینی مسئلہ قرار دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کا آپسی معاملہ قرار دیا ہے، لیبر لیڈر کے اس اقدام پر پاکستانی /کشمیری پارٹی ممبران نے پارٹی رُکنیت ختم کرنے کی بھی دھمکی دی اور اُنہیں اپنی پالیسی پر غور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ہاؤس آف لارڈ کے تاحیات رُکن لاڑد نذید احمد نے لیبر پارٹی لیڈرکے اس اقدام کو افسوناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سر کیئر سٹارمر نے حقائق کے بر عکس خط لکھا ہے اور ایک جمہوری پارٹی کے لیڈر کو یہ حق نہیں پہنچتا کہ وہ اکیلے کھڑے ہو کر تاریخ کو بدلنے کی کوشش کرے اور پارٹی سے مشورہ کیے بغیر پالیسی تبدیل کر دے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا آئینی یا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جس پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

لیڈز سے لیبر پارٹی کے رُکن پارلیمنٹ رچرڈ برگن کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس پارٹی کانفرنس میں نیشنل ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے کشمیریوں کی حمایت میں متفقہ طور پر قرارداد مںنظور کی گئی تھی جس میں بھارتی جارحیت کی مذمت اور کشمیریوں کو اُنکا حق خود ارادیت کے حوالے سے پارٹی پالیسی درج کی گئی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ بطور لیبر رُکن پارلیمنٹ وہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر اپنی آواز اُٹھاتے رہیں گے۔

سابق رُکن یورپین پارلیمنٹ سجاد حیدر کریم کا کہنا ہے کہ سر کیئر سٹارمر کے اقدام سے مایوسی ہوئی اور اُنہوں نے اپنی ہی پارٹی کی قرارداد کی خلاف ورزی کی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ لیبر پارٹی لیڈر کا خط بنیادی انسانی حقوق کے ہی خلاف ہے اور پارٹی لیڈر کی حقائق سے آگاہی کی ناکامی ہے۔

حیدر کریم نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت کا آئینی مسئلہ نہیں بلکہ انسانی حقوق کا مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے برطانوی سیاسی قیادت کو اپنا اہم کردار اداء کرنا چاہئے۔

Related Articles

Back to top button