بین الاقوامی

روس نے امریکہ کو امدادی طبی سامان کے ساتھ بل بھی بھیج دیا

روس نے امریکہ کو کورونا وائرس سے متعلق امدادی طبی سامان کے ساتھ 6 لاکھ ڈالر کا بل بھی بھیج دیا۔

روس کی جانب سے امریکہ کو بھجوائے گئے امدادی سامان میں وینٹی لیٹرز اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ سامان کسی خصوصی پرواز کے بجائے عام کارگو پرواز میں بھجوایا گیا۔ 60 ٹن سامان میں 45 وینٹی لیٹرز شامل ہیں، تاہم وولٹیج استعمال کرنے کے فرق کی وجہ سے امریکہ میں یہ وینٹی لیٹرز بے کار ہیں۔

اس کے علاوہ سامان میں کیمیائی ہتھیاروں سے بچاؤ کے لئے استعمال ہونے والے ماسک اور گھریلو استعمال کے ہینڈ گلوز بھی شامل ہیں۔

روس کا کہنا ہے کہ اس سامان کی قیمت 13 لاکھ ڈالر بنتی ہے تاہم امریکی محکمہ داخلہ کو صرف 6 لاکھ ڈالر کا بل بھیجا گیا ہے۔

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مارچ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فون پر طبی سامان بھجوانے کی پیشکش کی تھی جسے ٹرمپ نے قبول کر لیا تھا۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ امریکہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد باقی تمام ممالک سے زیادہ ہے۔ جہاں 11 لاکھ امریکیوں میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا۔

امریکہ میں کورنا وائرس سے مزید ایک ہزار 808 افراد موت کے منہ میں چلے گئے جس کے بعد امریکہ میں اموات کی تعداد 65 ہزار 700 سے تجاوز کر گئی ہے۔

 

 

Related Articles

Back to top button