بین الاقوامی

ایک ساتھ آئیں اور ایک ہی ساتھ واپس چلی گئیں، کورونا وائرس دو جڑواں بہنوں کو نگل گیا

برطانیہ میں نرس کے فرائض انجام دینے والی دو جڑواں بہنیں کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہوگئیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دونوں بہنوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کی ہلاکت تین روز میں ہوئی۔

ہلاک ہونے والی 37 سالہ بہنوں میں سے ایک بچوں کی نرس تھی جو ساؤتھمٹن اسپتال میں زیر علاج تھی جب کہ دوسری خاتون بھی سابق نرس تھی جو کورونا وائرس سے جانبر نہ ہوسکی۔

کورونا سے ہلاک ہونے والی خواتین کی ایک بہن کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ کہتی تھیں کہ وہ دونوں ایک ساتھ دنیا میں آئی تھیں اور ایک ہی ساتھ واپس جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں بہنوں میں بے انتہا محبت اور پیار تھا، ان کی صحت کچھ عرصے سے ٹھیک نہیں تھی۔

ساؤتھمپٹن اسپتال میں ہلاک ہونے والی کیٹی نامی خاتون اسی اسپتال میں نرس تھی جن کا دورانِ سروس ہی کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جب کہ دوسری بہن ایما ڈیوس نے بھی اسی اسپتال میں 9 سال تک کام کیا تھا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں اب تک کورونا وائرس کے باعث 50 نرسیں ہلاک ہوچکی ہیں۔

واضح رہےکہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ کیسز ہیں اور 19 ہزار سے زائد افراد وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ برطانوی وزیراعظم کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button