بین الاقوامی

سعودی عرب میں ہوئی بڑی کارروائی، اقامہ رکھنے والے افراد ہوجائیں ہوشیار

سعودی پولیس نے جعلی اقامہ کارڈز اور موبائل سمز کا دھندا کرنے والے ایک فراڈیئے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔

گینگ کے تمام افراد کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔ گرفتار کیے گئے ملزم ایک گروہ کی صورت میں جعلی موبائل سم اور اقامہ کارڈ تیار کرکے ہم وطنوں کو فروخت کررہے تھے۔ریاض پولیس نے وزارت داخلہ کے سنیپ چیٹ اکاوٴنٹ پراس حوالے سے ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس ریاض کے معروف محلے الوزارات کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مار رہی ہے۔

بنگلہ دیشی کارکنان اپنی رہائش کو جعلی سم اور اقامہ کارڈ تیار کرنے کے اڈے میں تبدیل کیے ہوئے تھے- مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام سے موبائل سم تیار کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے۔

ریاض پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مقامی موبائل کمپنیوں کی 577 موبائل سم برآمد ہوئیں جبکہ متعدد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے شناختی کارڈز اور اقاموں کی فوٹو کاپیاں اور فنگر پرنٹس کے نمونے بھی ان کے قبضے میں پائے گئے-

دو لیپ ٹاپ، تین پرنٹرز، چار فنگر پرنٹ کی ریڈنگ کرنے والی مشینیں اور جعلی اقامہ کی تیاری میں کام آنے والا ایک پرنٹر برآمد ہوا- علاوہ ازیں اقامہ سائز کے 160 کارڈ بھی ضبط کیے گئے۔

جن پر اقامے کی تفصیلات پرنٹ کی جانے والی تھیں۔ریاض پولیس نے توجہ دلائی کہ جعلی اقاموں اور موبائل سم کارڈز میں ملوث بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ایک ایسی سعودی جعلساز خاتون کا انکشاف ہوا تھا جس نے اپنی کمال ہوشیاری سے دس بیس لوگوں کو نہیں بلکہ پورے چار سو لوگوں کو بے وقوف بنا ڈالا تھا۔

 

Related Articles

Back to top button