بین الاقوامی

کینیڈین وزیراعظم کا آمدِ رمضان پر مسلمانوں کیلئے اہم پیغام جاری

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث امسال مسلم کمیونٹی ماہ رمضان کا اہتمام گھروں پر کریں۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

جسٹن ٹروڈو نے کہا میں جانتا ہوں اس سال کا رمضان سب کے لیے پہلے سے مختلف ہو گا لیکن مسلم کمیونٹی نے کینیڈا کو ہمیشہ بہتر اور مضبوط بنایا ہے، اس لیے ہم اپنے رضاکاروں کے ذریعے پوری کوشش کریں گے کہ سب کی اشیاء ضروریہ کا خیال رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عالمگیر وبا کورونا کے باعث امسال مسلم کمیونٹی ماہ رمضان کا اہتمام گھروں پر کریں، ہم یہاں کی مسلم کمیونٹی اور کینیڈا کے لیے اُن کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور رمضان المبارک کی آمد پر بہت خوش ہیں۔

اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےرمضان کے آغاز پرمسلمانوں کو مبارک باد پیش کی تھی ، وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کے لیے یہ ماہ مقدس ایک موقع ہے کہ وہ روزے رکھیں، عبادات کریں، قرآن کی تلاوت ، دوسروں کی مدد کریں اور اس طرح اپنا ایمان تازہ کریں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ یہ تمام کام امن، ہمدردی، محبت اور دوسروں کے احترام جیسے آفاقی اقدار سے ہم آہنگ ہیں، جن کی اسلام تبلیغ کرتا ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران انہوں نے دیکھا ہے کہ مشکل وقت میں دعا کی طاقت کس قدر اہمیت رکھتی ہے۔ اور وہ دعا کرتے ہیں جو لوگ ان مقدس لمحات میں عبادت کریں، ان کی زندگی میں سکون آئے اور مذہب سے ان کا رشتہ مزید مضبوط ہو۔

 

Related Articles

Back to top button