بین الاقوامی

دُبئی کی حکومت نے شاپنگ مالز کے حوالے سے اہم بیان جاری کردیا

دُبئی کی حکومت نے شاپنگ مالز کے حوالے سے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہیں کہ جلد ہی شاپنگ مالز کھول دیئے جائیں گے،تاہم اس حوالے ابھی تک کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

دُبئی حکومت کی جاری کردہ گائیڈ لائنز میں کہا گیا ہے کہ کوئی بھی گاہک کسی شاپنگ مال میں تین گھنٹے سے زائد نہیں ٹھہر سکے گا، شاپنگ مال میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہو گا اور انٹری کے مقام پر ہر شخص کا تھرمل سکینر سے جسمانی درجہ حرارت چیک کیا جائے گا۔

شاپنگ مال میں رش کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس مقصد کے لیے کسی بھی شاپنگ مال میں ایک وقت میں کُل گنجائش کے صرف 30 فیصد افراد کو داخلے کی اجازت ہو گی۔ شاپنگ مالز میں 60 سال سے زائد عمر کے معمر افراد اور 3 سے 12 سال کے بچوں کو داخلی کی اجازت نہیں ہو گی۔

شاپنگ مال میں موجود تمام افراد کو آپس میں کم از کم دو میٹر کا فاصلہ رکھنا ہو گا۔ مالز میں موجود دُکانوں کو سیلز اور پروموشن لگانے کی اجازت نہیں ہو گی تاکہ کسی ایک دُکان پر لوگوں کا رش نہ لگ سکے۔

مالز میں کار پارکنگ کی 75 فیصد جگہ بند ہو گی، والٹ پارکنگ کی اجازت نہیں ہو گی۔ رش سے بچنے کے لیے شاپنگ مالز کو تمام داخلی اور خارجی دروازے کھُلے رکھنے ہوں گے۔ تمام دروازے مینول کی بجائے الیکٹرک طریقے سے کھُلیں گے یا بند ہوں گے۔ تمام دُکانوں کے عملے کو گاہک کو ہر شے دکھانے کے بعداسے سینیٹائز کرنا لازمی ہو گا۔ اس ہدایت کا اطلاق زیورات پر بھی ہو گا۔

اگر کوئی شے سینیٹائز کرنے سے خراب ہو جاتی ہو تو ایس صورت میں اسے الگ تھلگ رکھا جائے گا۔ شاپنگ مالز کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گاہک سے نقد رقم کم سے کم وصول کرنے کی کوشش کریں ۔ کارڈز اور سمارٹ پیمنٹ کو زیادہ ترجیح دیں۔شاپنگ مال میں داخلے کے وقت اگر کسی گاہک میں سکریننگ کے دوران کورونا کی مشتبہ علامات یا تیز بخار کی کیفیت پائی جائے تو اس کے لیے ہر شاپنگ مال کو ایک الگ سے احاطہ مختص کرنا ہو گا۔

شاپنگ مالز میں موجود ریسٹورنٹس اور فوڈ پوائنٹس پر بھی اصل گنجائش کے صرف 30 فیصد گاہکوں کو بٹھایا جائے گا۔ تمام ٹیبلز کے درمیان دو میٹر کا فاصلہ لازمی ہو گا۔ گاہکوں کو کھانے پینے کا سامان ڈسپوزیبل برتنوں میں دیا جائے ۔ جبکہ فرش اور ٹیبلز کی سطح کو ہر گاہک کے استعمال کے بعد 75 فیصد الکوحل سے صاف کیا جائے گا۔ ابوظہبی میں شاپنگ مالز دوپہر سے رات 9بجے تک کھُلیں رہیں گے۔ 

Related Articles

Back to top button