بین الاقوامی

سعودی فرماں روا کا حرمین شریفین میں نماز تراویح کے متعلق اہم شاہی فرمان جاری

سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حرمین شریفین میں 10 رکعت نماز تراویح ادا کرنے کی منظوری دے دی۔

عرب میڈیا کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے حرمین شریفین میں نماز تراویح کے حوالے سے شاہی فرمان جاری کردیا گیا ہے۔

حرمین پریذیڈنسی کےسربراہِ اعلٰی شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ حرم شریف اور مسجد نبویﷺ میں تراویح 10 رکعت اور 5 تسلیمات پرمشتمل ہوگی، یعنی 2،2 رکعت کی 5 جماعتیں کروائی جائیں گی۔

شیخ عبدالرحمان السدیس کے مطابق 10 رکعت تراویح دو امام پڑھائیں گے جن میں سے پہلا امام 6 رکعت اور دوسرا امام 4 رکعت پڑھائے گا، تہجد کی نماز بھی ہوگی جب کہ ختم قرآن 29 ویں شب کو ہوگا۔

جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی، نماز تراویح کی رکعت میں کمی کا مقصد دورانیے کو کم سے کم کرنا ہے۔

واضح رہےکہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وجہ سے بیت اللہ شریف کے طواف کے لیے محدود افراد کو داخلے کی اجازت دی جارہی ہے اور خانہ کعبہ کے گرد حفاظتی باڑ لگائی گئی ہے جب کہ اس سے قبل حفاظتی اقدامات کے تحت مطاف کو بند کردیا گیا تھا۔

کورونا کی وبا کی وجہ سے رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں افطار دسترخوان پر بھی پابندی ہے، اس کے بجائے مستحق افراد میں راشن کے تھیلے تقسیم کیے جارہے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت لاک ڈاؤن کیا گیا ہے اور مساجد میں باجماعت نمازوں کو بھی محدود کردیا گیا ہے۔

سعودی عرب میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعدادساڑھے 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جن میں سے 109 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button