بین الاقوامی

سعودی عرب ملازمت پیشہ افراد کا معترف, حکومت نے بڑا بیان جاری کردیا

سعودی شہر مدینہ منورہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے غیرملکی کارکنان اور مزدوروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمارے ملک میں مہمان کی طرح ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنر کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے پیش نظر غیرملکی مزدوروں کی صحت کا خیال رکھنا ہماری ذمے داری ہے، کسی بھی قومیت سے قطع نظر کارکنوں کی دیکھ بھال کررہے ہیں۔

شہزادہ فیصل بن سلمان نے غیر ملکی کارکنوں کے لیے نئی تعمیر ہونے والی رہائشی عمارتوں کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مذہب ہم سے تمام ملازمین کے ساتھ ہمدردی کا سلوک کرنے کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرملکی اپنے گھر اور ملک چھوڑ کر بہتر مستقبل کے لیے یہاں آتے ہیں، کروناوائرس کے باعث تمام شہری تشویش کا شکار ہیں، غیرملکی جب تک وطن واپس نہیں چلے جاتے ہم پر دیکھ بھال فرض ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں شاہ سلمان نے نئے حکم نامے میں خصوصی معاشی پیکج کی منظوری دی ہے۔ سعودی حکومت کی جانب سے نجی وسرکاری ملازمین کی مدد کے لیے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ مملکت میں نجی کاروباری سیکٹر کی مدد کے لیے 9 ارب سعودی ریال کا معاشی پیکج منظور ہوا ہے۔ جس کے تحت کمپنیاں اپنے ملازمین کو خصوصی ریلیف فراہم کرے گی۔

Related Articles

Back to top button