بین الاقوامی

کورونا وائرس: برطانوی حکومت نے اہم اعلان کر دیا

کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے برطانوی حکومت نے پانچ نکاتی منصوبہ تیار کرلیا

برطانوی حکومت نے روزانہ ایک لاکھ کورونا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے برطانوی حکومت نے پانچ نکاتی منصوبہ تیار کرلیا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ اب پورے ملک میں روزانہ کی بنیاد پر ایک لاکھ کوروناٹیسٹ کیے جائیں گے۔

برطانوی حکومت نے وبائی مرض سے مقابلے کے لیے نیا لائحہ عمل تیار کیا جس سے متعلق تفصیلات برطانوی وزیرصحت پریس کانفرنس میں بتائیں گے۔ حکومت کی جانب سے مزید اہم فیصلے متوقع ہیں۔

دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بورس جانسن نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں اور بڑی تعداد میں کیسز رپورٹ ہونے پر میں افسردہ ہوں، دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ افراد اور اُن کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم اپنے اتحاد سے کورونا وائرس کو روک سکتے ہیں، اس کے لیے بس تھوڑی سی احتیاط کرنا ہوگی، عوام حکومتی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور خود کو گھروں تک محدود کریں جبکہ وقفے وقفے سے ہاتھ بھی دھوتے رہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ماہرین کوروناوائرس کی تیزرفتار ٹیسٹ کٹس بھی تیار کررہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button