بین الاقوامی

برطانوی وزیراعظم اور وزیرصحت کے بعد ایک اور وزیر کورونا وائرس کا شکار

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن اور وزیرصحت میٹ ہینکاک کے بعد ایک اور وزیر میں کورونا وائرس کی علامات سامنے آئی ہیں تاہم ابھی تک ٹیسٹ نہیں کروایا گیا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیراعظم کی پوری کابینہ کو اس وقت کورونا وائرس سے متعلق شدید تشویش ہے۔ بورس جانسن کی کابینہ کے ایک اور وزیر اسکاٹش منسٹرالیسٹر جیک میں کروناکی علامات پائی گئیں۔

نیشنل ہیلتھ سروسز کا کہنا ہے کہ الیسٹرجیک کا ابھی کروناٹیسٹ نہیں کیا گیا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکاک کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے جبکہ اسی روز ہی وزیراعظم بھی مہلک وائرس کا شکار ہوئے۔ کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد وزرا کو قرنطینہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بورس جانسن کا کہنا تھا کہ میں نے معمولی کھانسی اور بخار کی شکایت پر ٹیسٹ کرایا تھا، ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اپنی حکومتی ذمہ داری نبھاتا رہوں گا۔ واضح رہے کہ بورس نے گزشتہ ہفتے کروناوائرس کے مریضوں سے ملاقاتیں کی تھیں اور مصافحہ بھی کیا تھا۔

خیال رہے برطانیہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 11,658 ہوگئی جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 578 تک جا پہنچی ہے۔ ملک میں وبائی مرض کے مزید کیسز سامنے آنے کے خدشات ہیں۔

Related Articles

Back to top button