بین الاقوامی

امریکی پابندیاں ہٹوانے کے لیے پاکستان کردار ادا کرے، ایرانی صدر حسن روحانی کا وزیراعظم کو خط

امریکی پابندیاں ہٹوانے کے لیے پاکستان کردار ادا کرے، ایرانی صدر حسن روحانی نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا، اسلام آباد نے مثبت ردعمل دیتے ہوئے سفارتی کوششیں تیز کر دیں، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں ایران میں کورونا سے حالات خراب ہیں،انسانی زندگیاں بچانے کے لیے عائد پابندیاں ہٹائی جائیں۔

دنیا کورونا وائرس کی گرفت میں اور ایران پر امریکی پابندیاں، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی یا ہٹ دھرمی۔ ہمسایہ ملک نے پاکستان سے پابندیاں ہٹانے کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کر دی۔۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھا جس میں درخواست کی ہے کہ امریکی پابندیاں ہٹانے کے حوالے سے پاکستان اپنا کردار کرے۔ خط میں پاکستان سے کورونا وبا کے تناظر میں امدادکی بھی اپیل کی ہے۔ پاکستان نے ایران کی قیادت کی درخواست پر مثبت ردعمل کااظہار کرتے ہوئے ایران سے پابندیاں ختم کرانے کیلئے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی دنیا کو ایران کے خلاف پابندیاں ہٹانے اور نرمی برتنے کی اپیل کردی۔ ٹویٹر بیان میں انہوں نے کہا کہ ایران میں ہر دس منٹ میں ایک شخص جاں بحق اور ہر گھنٹے میں پچاس افراد مہلک وائرس سے متاثر ہو رہے ہیں، حالات کشیدہ ہیں، عالمی رہنماؤں کو انسانیت کی خاطر متحد ہونا ہوگا۔

اس وقت پوری دنیا اس غیر معمولی وبا سے نبرد آزما ہے۔ ہمیں بطور لیڈر اس کٹھن اور کڑے وقت میں ہرممکن ہمدردانہ رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔ ایران پر عائد پابندیوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے تا کہ ایران اپنے وسائل کو بروئے کار لا کر قیمتی انسانی جانوں کو بچا سکے

ادھر ایران کے وزیرخارجہ کہتے ہیں عالمی پابندیوں میں جکڑے ایران میں کوروناوائرس سےانسانی المیہ جنم لےسکتا ہے۔ وقت آگیاہے کہ امریکا،ایران سے متعلق اپنی دیوالیہ پالیسی تبدیل کرے۔ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ انہتر سال قبل ایران کےجمہوری وزیراعظم نے لوٹ مار ختم کرنے کےلئے آئل انڈسٹری کو نیشنلائز کیا۔  جواب میں امریکا نے ایران پر پابندیاں لگائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انیس سو اناسی سے پابندیاں اورحکومت کی تبدیلی امریکاکی ایران سے متعلق پالیسی بن گئی ہے جوکورونا وائرس کی وبا کے دوران بھی جاری ہے۔

امریکا نے ایران پرنئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا اور پیٹرو کیمیکل میں سرمایہ کاری کرنے والے تین اداروں کو بلیک لسٹ کرتے ہوئے انہیں پابندی کا نشانہ بنایا۔

Related Articles

Back to top button