بین الاقوامی

کورونا وائرس: تقریبات کے انعقاد پر پابندی کے بعد شادی ہالز کے لیے بھی بڑا حکم جاری

کورونا وائرس کے پیش نظر سعودی عرب میں تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردیے جانے کے بعد شادی ہالز کو بکنگ کی پیشگی رقم واپس کرنے کا پابند بنا دیا گیا ہے۔

سعودی وزارت سیاحت و تجارت نے کہا ہے کہ شادی ہالز اور فارم ہاؤسز انتظامیہ پیشگی بکنگ کی رقم واپس کرنے کی پابند ہے۔

وزارت کے مطابق تقریبات پر عارضی بندش کا قانون 13 مارچ 2020 سے نافذ العمل ہوا ہے جس کے بعد متاثرین کی بڑی تعداد نے متعلقہ اداروں سے رابطہ کر کے اس بارے میں دریافت کیا تھا کہ ادا کی گئی پیشگی رقم کا کیا ہوگا؟

وزارت سیاحت نے ٹویٹر اکاونٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جن افراد نے تقریبات کے لیے شادی ہالز یا دیگر فارم ہاؤسز بک کروائے تھے وہ اپنی پیشگی رقم واپس لے سکتے ہیں۔

وزارت نے اس حوالے سے ٹول فری نمبر 1900 بھی جاری کیا ہے جس پر رابطہ کر کے پیشگی رقم نہ ملنے کے بارے میں شکایات درج کروائی جاسکتی ہیں۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سعودی حکومت نے بڑی تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کی ہے، اس ضمن میں شادی ہال، ایسے ہوٹل جہاں تقریبات کا ہال ہو یا استراحہ جہاں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوسکتے ہوں، ان سب پر وقتی طور پر پابندی لگا دی گئی۔

Related Articles

Back to top button