بین الاقوامی

سعودی اقامہ رکھنے والے ملازمت پیشہ پاکستانی اب کیسے جائیں گے واپس؟

سعودی اقامہ رکھنے والے ملازمت پیشہ پاکستانی افراد اور پاکستان میں موجود سعودی شہریوں کو سعودی عرب پہنچانے کے لیے پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) نے خصوصی تیاریاں شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشل ایئر لائن (پی آئی اے) نے سعودی عرب میں ملازمت پیشہ افراد کے سعودی عرب واپسی کے انتظامات مکمل کرلیے۔ پی آئی اے نے 2 دن کے دوران 10 خصوصی پروازوں کی منصوبہ بندی کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی اقامہ رکھنے والوں کو 10 خصوصی پروازوں سے سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔ 18 معمول کی پروازوں سے بھی پاکستانیوں کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک سے سعودی عرب آنے والے افراد پر پابندی عائد کر دی گئی تھی، سوائے ان افراد کے جو سعودی عرب کے شہری ہیں یا اقامتی ویزے کے حامل ہیں اور وہ شہری جو واپس اپنے ملک جانا چاہتے ہیں۔

سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت وہ افراد جو سعودی شہری ہیں یا اقامہ ویزہ رکھتے ہیں، وہ افراد 72 گھنٹوں کے اندر سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں اور یہ مدت اتوار 15 مارچ 2020 سہ پہر 3 بجے ختم ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے سعودی ایوی ایشن سے 25 مارچ تک کی توسیع کی درخواست کی تھی، سعودی حکام نے صرف سعودی ایئر لائن کو 21 مارچ تک پاکستان سے پروازوں کی اجازت دی تھی۔

ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پی آئی اے کے کنٹری مینیجر سعودی حکام سے اجازت کے لیے مسلسل رابطے میں ہیں۔

Related Articles

Back to top button