بین الاقوامی
قیدیوں کی رہائی کا معاملہ: طالبان نے قیدیوں کی مشروط رہائی کو مسترد کردیا
طالبان قیدیوں کی رہائی کا معاملہ، افغان حکومت رہائی کا عمل مرحلہ وار مکمل کرنے اور بائیو میٹرک تصدیق پر بضد ہوگیا۔
طالبان نے افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کی مشروط رہائی کو مسترد کردیا اور افغان طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ قیدیوں کی مرحلہ وار رہائی امریکا کے ساتھ ہونے والے امن معاہدے کے برخلاف ہے۔
سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ معاہدے میں یہ بات شامل تھی کہ پہلے پانچ ہزار قیدی رہا کیے جائیں گے، اس کے بعد بین الافغان مذکرات کا آغاز ہوگا۔
افغان طالبان کا یہ رد عمل صدر اشرف غنی کی جانب سے پندرہ سو افغان طالبان قیدیوں کی رہائی کا حکم جاری کرنے کے بعد سامنے آیا۔
دوسری جانب افغان صدر کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت امن مذاکرات کی خواہاں ہے اگر مذکراتی عمل میں تعطل ہوا تو ذمہ داری طالبان پر عائد ہو گی۔