بین الاقوامی

تعریف وہ جو دشمن کرے، بھارتی سائبر سیکیورٹی چیف کا آئی ایس پی آر کے حوالے سے بڑا بیان سامنے آ گیا

بھارتی میڈیا اور بھارتی فوج بھی پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر )کی معترف نکلی۔

بھارتی ادارے نیشنل سائبر کوآرڈی نیشن سینٹر کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) راجیش پنٹ نے بھارتی فوج کو پاکستان آرمی کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے طرز پر بیانیہ دینے کا مشورہ دیا ہے۔

بھارتی سائبر سیکیورٹی چیف کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج میں الگ الگ پبلسٹی ونگز ہیں جو اپنے اپنے راگ الاپ رہے ہوتے ہیں لیکن آئی ایس پی آر مؤثر انداز میں بیانیہ دیتا ہے۔
نہوں نے کہا کہ اطلاعات کی جنگ میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر کی بات کا وزن ہے، وہ خطے کی بات کریں تو دنیا محسوس کرتی ہے اور ان کی کشمیر پر بات کو یورپ توجہ دیتا ہے۔

بھارتی سائبر سیکیورٹی چیف کا کہنا تھا کہ بھارت کو بھی اس سمت میں دیکھنا ہوگا، ڈی جی آئی ایس پی آر ہم سے بہت آگے ہیں اور پاک فوج کا ترجمان ہر فورس کی ترجمانی کرتا ہے۔

یاد رہے کہ پاک فوج کے میجر جنرل آصف غفور اِس وقت انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر ) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ہیں۔

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بھارتی حکام کی جانب سے پاک فوج کے ترجمان ادارے کی تعریف کی گئی ہو، اس سے قبل بھارت کے سابق لیفٹیننٹ جنرل عطا حسنین نے 28 مارچ کو برطانوی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز سے خطاب میں اعتراف کیا تھا کہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے ہمیں سکھایا کہ معلومات کی فراہمی کیا ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے بھی اپنے انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ وہ پاکستان کے آرمی چیف کو فالو کرتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button