بین الاقوامی

ایئر پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی تاریخ رقم، میاں بیوی اپنے بیٹے سمیت گرفتار، تہلکہ خیز خبر آگئی

ایئر پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک اسمگلر نے نہ صرف اپنے پیٹ میں منشیات چھُپا رکھی تھی، بلکہ اس کے ہمراہ بیوی اور بچے کے معدوں میں بھی منشیات کی بڑی مقدار پائی گئی۔

دُبئی ایئر پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ایک اسمگلر نے نہ صرف اپنے پیٹ میں منشیات چھُپا رکھی تھی، بلکہ اس کے ہمراہ بیوی اور بچے کے معدوں میں بھی منشیات کی بڑی مقدار پائی گئی۔ دُبئی نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ صالح احمد الصیحی نے خلیج ٹائمز کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بیرون مُلک سے ایک شخص اپنی بیوی اور بیٹے کے ہمراہ دُبئی ایئر پورٹ پر اُترا۔

جب یہ اپنے سامان کی چیکنگ کرا رہے تھے تو ان کا رویہ کچھ مشکوک سا لگا اور یہ کچھ گھبرائے ہوئے بھی تھے۔ جس پر ڈیوٹی پر تعینات کسٹمز اہلکاروں نے اُن سے پوچھا کہ وہ پریشان کیوں ہیں؟ جس پر وہ کوئی تسلّی بخش جواب نہ دے سکے۔ شک مزید گہرا ہونے پر ان افراد کو سکیننگ مشین سے گزارا گیا تو ان کے معدوں میں کوئی مشکوک سی چیز نظر آئی، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان تینوں افراد کے معدوں سے مشکوک مواد نکالا گیا تو پتا چلا کہ یہ تو دراصل منشیات تھی۔

جس کے بعد میاں بیوی اور اُن کے جوان بیٹے کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کی خاطر انسدادِ منشیات کے محکمے کے سپُرد کر دیا گیا۔ استغاثہ کی تفتیش میں تینوں ملزمان نے منشیات اسمگل کرنے کا اعتراف کر لیا جس کے بعد اگلے چند روز میں عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر قوی امکان ہے کہ انہیں 10 سال کے لیے جیل بھیج دیا جائے گا۔ بریگیڈیئر الصحیحی نے بتایا کہ امارات میں بیرون ملک سے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کی خاطر دیگر ممالک میں بھی اسمگلروں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں، جس کے لیے انٹر پول کی مدد لی جا رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ منشیات کے ہوشیار اسمگلروں کی جانب سے محفوظ طریقے سے اسمگلنگ کے لیے نِت نئے طریقے اختیار کیے جا رہے ہیں، تاہم دُبئی ایئرپورٹ پر چیکنگ کے محفو ظ نظام اور بہترین ٹیکنالوجی کے استعمال کی وجہ سے زیادہ تر اسمگلر اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو پاتے۔

Related Articles

Back to top button