بین الاقوامی

برطانیہ میں عام انتخابات کے نتائج سامنے آگئے، کامیابی ملتے ہی بورس جانسن نے بڑا اعلان کردیا

بورس جانسن نے الیکشن میں کامیابی کے بعد کہاہے کہ یورپ سے انخلا کا عمل اکتیس جنوری تک یقینی بنائیں گے۔ آئیں مل کر بریگزٹ کا مسئلہ حل کریں۔

الیکشن میں پارٹی کی کامیابی یقینی ہوجانے کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے پارٹی ورکرزسے خطاب کیا ہے۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیاان کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور اپنے وعدوں کو پایا تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہا لوگوں نے انہیں بڑا مینڈیٹ دیا ہے جو انہیں بریگزٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے میں مدد دے گا۔ یورپ سے انخلا کا عمل اکتیس جنوری تک یقینی بنائیں گے۔ آئیں مل کربریگزٹ کا مسئلہ حل کریں

انہوں نے کہاعوام کے کنزرویٹوپارٹی پر اعتماد کا شکرگزارہوں، مستقبل میں بھی عوام کی حمایت حاصل کریں گے، نیشنل ہیلتھ سروسزمیں اضافہ کریں گے۔

کنزرویٹو پارٹی کی رہنما سابق وزیراعظم تھریسامے بھی اپنی نشست جیت چکی ہیں جبکہ لبرل ڈیموکریٹس کی سربراہ جو سوئن سن کامیاب نہ ہوسکیں۔ اب تک چار پاکستانی نژاد برطانوی شہریوں کے انتخابات میں کامیابی کے نتائج بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔لبرل پارٹی کے پاکستانی نژاد امیدوار طاہر ملک پہلی بار کامیاب، لیبر پارٹی کی ناز شاہ بریڈ فورڈ سے پھر جیت گئیں۔

ساجد جاوید بھی اپنی نشست بچانے میں کامیاب رہے۔مانچسٹر سے افضل خان،بریڈ فورڈایسٹ سے لیبر پارٹی کے عمران حسین اور کوونٹری سے لیبر پارٹی کی زاراسلطانہ بھی کامیابی سمیٹنے والوں میں شامل ہیں۔ لیڈی ووڈسے شبانہ محمود، ویک فیلڈ سے عمران احمدبھی جیت گئے،برمنگھم پیری بار خالد محمود بھی اپنی نشست بچا۔برمنگھم ہال گرین سے طاہر علی بھی الیکشن جیت چکے ہیں۔

پولنگ ڈے پر جوش و خروش دیکھنے میں آیا، عام انتخابات میں انگلینڈ، ویلز، سکاٹ لینڈ اور شمالی آئر لینڈ سے 650 نشستوں کیلئے 3 ہزار 322 امیدواروں نے قسمت آزمائی کی، کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ اور موجودہ وزیر اعظم بورس جانسن نے اپنے حلقے سے باہر ووٹ کاسٹ کیا، لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن نے شمالی لندن میں اہلیہ کے ہمراہ ووٹ کاسٹ کیا۔

اسکاٹ لینڈ کی سب سے بڑی جماعت اسکاٹش پارٹی کی سربراہ نکولا اسٹرجن نے گلاسگو میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ لبرل ڈٰیموکریٹس کی سربراہ جو سوئنسن اپنے شوہر کے ساتھ پولنگ سٹیشن پہنچیں اور ووٹ کاسٹ کیا۔ خراب موسم کی وجہ سے کچھ علاقوں میں ووٹرز کو مشکلات کا سامنا رہا، سخت سردی اور بارش کے باوجود ووٹرز کی لمبی قطاریں بنی رہیں۔

لیور پول میں 48 افراد کو غلط بیلٹ پیپر دے دیئے گئے جس کے باعث ووٹرز کو دوبارہ ووٹ ڈالنے پڑے۔ انتخابی عمل کے دوران لنارک شائر کے علاقے میں دھماکہ خیز ڈیوائس برآمد ہوئی، پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو بھی گرفتار کر لیا۔

 

Related Articles

Back to top button