شوبز کی خبریں

خود پر اٹھی ہر انگلی کو توڑنے کا حوصلہ رکھنے والی لڑکی کی کہانی

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے آخر کار اپنے نئے ڈرامے کا انتخاب کرلیا۔

اداکارہ بہت جلد عدیل حسین کے ساتھ ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے ڈرامے ‘داسی’ میں مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔ اس ڈرامے کے ٹیزرز بھی جاری کردیے گئے ہیں، جنہیں دیکھ کر ایسا محسوس ہورہا ہے کہ یہ ڈرامہ یقیناً متاثر کرنے میں کامیاب ہوسکتا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی مصباح نوشین نے تحریر کی، جن کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ماورا کی جانب سے اس ڈرامے میں کیا جانے والا کردار خاصہ دلچسپ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ڈرامے میں ماورا حسین سنہری نامی لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی، وہ اپنی والدہ کے ہمراہ ایک چھوٹے شہر میں زندگی گزارتی ہیں، وہ ڈرامے میں کسی مظلوم لڑکی کا نہیں، بلکہ ایسی لڑکی کا کردار نبھاتی نظر آئیں گی، جو خود پر اٹھی ہر انگلی کو توڑنے کا حوصلہ رکھتی اور اپنے حق کے لیے کسی سے بھی لڑ سکتی ہے’۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنہری کے کردار کی ایک خاص دوست عالیہ بھی ہے جس کا کردار فریال محمود نبھارہی ہیں، جو بالکل اس ہی کی طرح مضبوط شخصیت کی مالک ہیں۔ مصباح نوشین کے مطابق ‘اس ڈرامے میں متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی عام زندگی کو پیش کیا جائے گا۔

ایک ٹیزر میں دکھایا گیا کہ عدیل حسین کسی کی جنازے پر غم زدہ ہیں، جسے دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ یہ منظر ان کے کردار کے والد کے انتقال کا ہے۔

عدیل حسین کے کردار کے حوالے سے مصباح نوشین کا کہنا تھا کہ ‘عدیل حسین ڈرامے میں آہل صلاح الدین نامی لڑکے کا کردار نبھارہے ہیں جو ایک امیر گھرانے سے تعلق رکھتا ہے، جس کے والدین نے اسے بچپن میں خوب نظر انداز کیا، اس کے والدین کے درمیان محبت جیسا کوئی رشتہ نہیں رہا۔

ان کے مطابق ‘آہل کی والدہ اس سے بےحد محبت کرتی تھی تاہم آہل اپنی والدہ کے اس برتاؤ کو نہیں بھول پائے گا جو آخری وقتوں میں اس کے والد کے ساتھ کیا گیا۔ جس کے بعد آہل اپنے گھر کو چھوڑ دے گا اور کسی طرح سنہری کے گھر پہنچ جائے گا اور وہیں سے ان کی کہانی کا آغاز ہوگا۔

ڈرامہ ‘داسی’ کی ہدایات محسن طلعت نے دی ہے، تاہم اب تک اس کی ریلیز کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔ خیال رہے کہ دونوں اداکار طویل عرصے سے اس ڈرامے کی شوٹنگ کررہے ہیں، اس دوران یہ خبریں بھی سامنے آئیں تھی کہ یہ دونوں ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے ہیں اور شادی کا ارادہ بھی کررہے ہیں۔

ایسی بھی رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ عدیل حسین نے اس حوالے سے ماورا کے والدین سے بھی ملاقات کی، تاہم دونوں اداکاروں نے اس حوالے سے کسی قسم کا کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ دونوں سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کرتے نظر آتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے افیئر کی قیاس آرائیوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

Related Articles

Back to top button