شوبز کی خبریں

ہمایوں سعید نے حکومت سے مدد مانگ لی، خلیل الرحمٰن بھی میدان میں آگئے

رواں برس اپریل میں جب ترک ڈراما ’ارطغرل غازی‘ پاکستان ٹیلی وژن پر نشر ہوا تو ڈراما نگار خلیل الرحمٰن قمر نے مئی میں اعلان کیا کہ وہ بھی ترک ڈرامے جیسا منصوبہ بنانے پر کام شروع کر رہے ہیں۔

خیال کیا جا رہا تھا کہ خلیل الرحمٰن قمر اداکار ہمایوں سعید کے ساتھ مل کر کوئی تاریخی ڈراما بنانے جا رہے ہیں۔

تاہم بعد ازاں ہمایوں سعید نے 14 مئی کو وضاحت کی تھی کہ وہ اور خلیل الرحمٰن قمرایک تاریخی ڈراما بنانے جارہے ہیں۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ 2 سال قبل انہوں نے ‘ارطغرل غازی’ دیکھا تھا اور اس وقت یہ ضروری سوچا تھا کہ وہ بھی ایسا تاریخی ڈراما بنائیں گے۔

ہمایوں سعید کے مطابق اب جبکہ یہ ڈراما پی ٹی وی پر نشر کیا جارہا ہے اور کامیاب ثابت ہورہا ہے تو وہ ضرور ایک تاریخی ڈرامے پر کام کریں گے۔

ہمایوں سعید نے بتایا کہ خلیل الرحمٰن قمر اس ڈرامے کا اسکرپٹ تحریر کریں گے جبکہ اے آر وائے کے مالک سلمان اقبال اسے پروڈیوس کریں گے۔

لیکن اب انہوں نے ارطغرل غازی جیسے کسی بھی طرح کے ڈرامے بنانے کے لیے حکومت کی مدد طلب کرلی۔ہمایوں سعید نے نجی ٹی وی سماء سے بات کرتے ہوئے وضاحت کہ ’ارطغرل غازی‘ کو بنانے میں بھی ترک حکومت نے مدد کی تھی اور اسی طرح پاکستانی حکومت کو بھی ایسے ہی شاہکار ڈراما بنانے میں ڈراما سازوں کی مدد کرنی چاہیے۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ اگرچہ 30 سے 40 سال قبل پاکستانی ڈراما انڈسٹری میں ’ٹیپو سلطان، چنگیز خان اور محمد بن قاسم‘ جیسے شاہکار ڈرامے بن چکے ہیں، تاہم انہیں کافی وقت گزر چکا۔

اداکار کا کہنا تھا کہ جدید دور کا تقاضا ہے کہ اسلامی تاریخ پر مبنی ڈرامے بنائے جانے چاہئیں اور اس ضمن میں حکومت کو کردار ادا کرکے ڈراما سازوں کی مدد کرنی چاہیے۔

ہمایوں سعید کے مطابق اب پروڈکشن کے اخراجات بڑھ چکےہیں اور ایسا شاہکار ڈراما بنانا ہر کسی کے بس کی بات نہیں۔

اداکار نے کہا کہ اگر وہ چاہیں تو ’ارطغرل غازی‘ جیسا ڈراما بنا سکتے ہیں مگر وہ درحقیقت پیسوں کی کمی کی وجہ سے اس پر عمل نہیں کرسکیں گے، اس لیے حکومت ایسے ڈرامے بنانے کے لیے مدد کرے۔

انہوں نے دلیل دی کہ ’ارطغرل غازی‘ کو بنانے میں بھی ترک حکومت نے مدد کی تھی۔

مختصر انٹرویو میں اداکار نے صدارتی ایوارڈ دیے جانے کے حکومتی اعلان پر بھی خوشی ظاہر کی۔

ہمایوں سعید کو 14 اگست کو صدر پاکستان نے تمغہ برائے حسن کارکردگی دینے کا اعلان کیا تھا اور انہیں آئندہ سال 23 مارچ کو ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔

ان سمیت عابدہ پروین، علی ظفر، سکینہ سموں، بشریٰ انصاری اور اداکار طلعت حسین سمیت فنون لطیفہ کی 40 شخصیات کو بھی حکومت نے ایوارڈز دینے کا اعلان کیا تھا۔

مجموعی طور پر حکومت نے ملکی اور غیر ملکی 184 شخصیات کو آئندہ سال 23 مارچ کو سول ایوارڈز سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button