شوبز کی خبریں

براہ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر کا دانت ٹوٹ گیا، ویڈیو وائرل

یوکرین میں براہ راست نشریات کے دوران خاتون اینکر کا دانت ٹوٹ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یوکرین میں دو دہائیوں سے خبریں پڑھنے والی خاتون نیوز اینکر ’مارچکا پادوکو‘ کا براہ راست نشریات کے دوران دانت ٹوٹ گیا تو انہوں نے گھبرانے کے بجائے پرسکون رہ کر صورتحال کا سامنا کیا۔

خاتون اینکر معمول کے مطابق خبریں پڑھ رہی تھیں جب ان کو محسوس ہوا کہ ان کا آگے کا ایک دانت گررہا ہے تاہم پریشان ہوکر خبرنامہ روکنے کے بجائے انہوں نے اپنا ہاتھ منہ کے آگے رکھ کر گرتے ہوئے دانت کو پکڑا اور خبریں پڑھنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

خاتون اینکر کے دانت ٹوٹنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور ناظرین کی جانب سے خاتون کے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

نیوز اینکر کا کہنا تھا کہ یہ 20 برسوں میں ان کا سب سے زیادہ متجسس تجربہ تھا، مجھے لگا تھا کہ اس طرف کسی کا دھیان نہیں جائے گا لیکن ناظرین کی توجہ کے حوالے سے ہمارے اندازے غلط نکلے۔

انہوں نے بتایا کہ دس سال قبل ان کا یہ دانت خراب ہوگیا تھا، ان کی بیٹی دھات سے بنی الارم گھڑی سے کھیل رہی تھی کہ اچانک حادثاتی طور پر یہ انہیں جالگی تھی اس کے بعد انہیں اس دانت کو بنوانا پڑا تھا۔

مارچکاپادوکو کا کہنا تھا کہ اب میں نے صحیح طرح سے اپنے دانتوں کی مرمت کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے یہ ویڈیو چند روز قبل شیئر ہوئی تھی اور اب تک 30 ہزار سے زائد افراد نے اسے لائک کیا ہے جبکہ ہزاروں افراد نے نیوز اینکر کے اس صورتحال سے نمٹنے کے انداز کو سراہا ہے۔

Related Articles

Back to top button