شوبز کی خبریں

سپرماڈل ایان علی کا شوبز میں واپسی کا بڑا اعلان

ڈالر گرل کے نام سے مشہور سپرماڈل ایان علی نے سوشل میڈیا پر شوبز میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔

گزشتہ چار برسوں سے بیرون ملک مقیم منی لانڈرنگ کیس کی ملزم ایان علی نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر اعلان کیا کہ وہ 5 سال بعد شوبز میں واپسی کررہی ہیں اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے ایک یا دو نہیں بلکہ پورے سات گانے ریلیز کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایان علی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی لگژری گاڑی لمبوراگنی کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے اپنی پسندیدہ گاڑی میں اپنے آنے والے سات گانے سننے کا۔ میں صرف یہ یقین کرنا چاہتی ہوں کہ ان گانوں کی آواز صحیح ہے یا نہیں تاکہ آپ سب میری محنت سے لطف اندوز ہوسکیں۔ ایان علی نے یہ بھی کہا کہ یہ ساتوں گانے ایک ہفتے یا زیادہ سے زیادہ دو ہفتوں تک ریلیز ہوجائیں گے۔

یاد رہے ایان علی نے 4 ماہ قبل بھی انسٹاگرام پوسٹ کی تھی اوراپنے گانے’’ارتھ کوئک‘‘ کے حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ میرا 5 سال قبل ریلیز کیا گیا گانا آج بھی لوگوں میں بے حد مقبول ہے۔ اس گانے کے ساؤنڈ کلاؤڈ پر 30 ملین سے زائد اور یوٹیوب پر 15 ملین سےزائد ویوز ہیں۔

واضح رہے کہ ایان علی کو 14 مارچ 2015 کو اسلام آباد بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے 5 لاکھ سے زائد ڈالرز دبئی اسمگل کرتےہوئے گرفتار کیاگیا تھا۔ بعد ازاں عدالت نے انہیں ضمانت پر رہاکیا جس کے بعد وہ بیرون ملک چلی گئیں لیکن درجنوں بار طلبی کے باوجود ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس میں عدالت میں پیش نہیں ہوئیں۔ جس کے باعث ایان علی کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے اور ان کا اپارٹمنٹ بھی ضبط کیا جا چکا ہے۔

Related Articles

Back to top button