شوبز کی خبریں

ایک اور نامور گلوکار ہارون رشید شادی کے بندھن میں بندھ گئے

کورونا وائرس کے دوران متعدد فنکار ازدواجی بندھن میں بندھ گئے اور اب ان میں معروف گلوکار ہارون رشید کا اضافہ بھی ہوگیا ہے۔

نکاح کی تقریب سادہ انداز سے ہوئی جس میں قریبی دوست اور رشتے داروں نے شرکت کی۔

گلوکار ہارون رشید کی اہلیہ کا نام فرویٰ ہے اور دونوں نے ملتے جلتے عروسی ملبوسات زیب تن کیے ہوئے تھے۔

گلوکار ہارون برطانوی نژاد پاکستانی گلوکار، میوزک پروڈیوسر، ڈائریکٹر اور سماجی رکن ہیں۔

وہ 1990 کی دہائی میں معروف بینڈ آواز کا حصہ رہے جبکہ اس سے الگ ہوکر بھی متعدد مقبول گانے اور البمز جاری کیے۔

رواں سال لگ بھگ ایک دہائی کے بعد انہوں نے پہلا سولو گانا ریلیز کرکے میوزک انڈسٹری میں واپسی کی تھی۔

گلوکار نے اپنا گانا ’ڈھونڈوں گا‘ رواں سال اپریل میں سوشل میڈیا پر ریلیز کیا، جس کی ویڈیو فیس بک پر لاکھوں بار دیکھی جاچکی ہے۔

اس گانے کے بول صابر ظفر نے تحریر کیے جبکہ ویڈیو کی ہدایات عزیر ظہیر خان نے دیں۔

ہارون راشد کا کہنا ہے کہ ’میں نے جیسے ہی یہ گانا ریلیز کیا، مجھے بےحد شاندار ردعمل موصول ہوا، میں نے ایسا سوچا نہیں تھا، میں سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں‘۔

گلوکار نے اپنے گانے کے حوالے سے بتایا کہ ’ڈھونڈوں گا گانے کو میں کئی سالوں قبل کمپوز کرچکا تھا، البتہ اس کی ویڈیو تیار کرنے میں کچھ وقت لگا، گرین اسکرین کے آگے یہ ویڈیو تیار کی گئی، پاکستان میں پہلی بار ایسی میوزک ویڈیو کسی نے بنائی ہوگی‘۔

اتنے سالوں تک میوزک انڈسٹری سے دور رہنے کے حوالے سے ہارون نے بتایا کہ ’میں اپنے برقعہ ایونجر پروجیکٹ میں اتنا مصروف رہا، ہر سال سوچتا تھا کہ اسے لانچ کردوں، تاہم لانچ نہیں کرسکا اور آخر میں میں اس کے بارے میں بھول ہی گیا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’لاک ڈاؤن کی وجہ سے میں گھر میں بیٹھا تو میرے بھائی نے مجھے یہ گانا یاد دلایا اور کہا کہ میں مداحوں کے لیے اسے اب ریلیز کیوں نا کردوں؟ تب میں نے سوچا کہ واقعی لوگ گھروں میں ہیں، کوئی بیزار ہے، کوئی پریشان ہے، تو یہ اچھا وقت ہے اس گانے کو لانچ کرنے کا اس سے یقیناً مداح محظوظ ہوسکیں گے‘۔

یوٹیوب پر اس گانے کی ویڈیو کو اب تک 3 لاکھ 55 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔

خیال رہے کہ ہاروں رشید رواں سال پاکستان سپر لیگ کے لیے بنائے گانے ’تیار ہو‘ میں بھی جلوہ گر ہوئے تھے۔

Related Articles

Back to top button