شوبز کی خبریں

’ارطغرل غازی‘ کی اداکارہ ایزگی ایسما کرکلو پاکستانی چائے پینے کی خواہشمند

پاکستان ٹیلی وژن پر اپریل کے آخر سے نشر ہونے والے ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامے ’ارطغرل غازی‘ پر ایک طرف جہاں ملک بھر کے سیاستدانوں اور شوبز شخصیات میں اسے سرکاری ٹی وی پر نشر کرنے پر بحث جاری ہے۔

تو دوسری طرف ڈرامے کے مقبولیت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ڈرامے کی کاسٹ کو بھی پاکستان میں پذیرائی مل رہی ہے۔

اگرچہ پاکستان میں ابھی تک ڈرامے کے پہلے سیزن کی 40 قسطیں تک ہی نشر ہوئی ہیں اور ابھی تک پاکستانی شائقین نے ڈرامے کی محدود مگر مرکزی کاسٹ کو ہی دیکھا ہے۔

تاہم اب تک ڈرامے میں نظر آنے والی کاسٹ پاکستان میں مشہور ہوچکی ہے اور پاکستانی شائقین ڈرامے کی کاسٹ سے سوشل میڈیا پر رابطہ کرکے انہیں وطن آنے کی دعوت دے رہے ہیں۔

پاکستانی شائقین کی دعوت ملنے اور شائقین کی محبت کو دیکھ کر ماضی میں جہاں ڈرامے کے مرکزی کردار (ارطغرل غازی) کا کردار ادا کرنے والے اداکار انجین التان دوزیتان اور ڈرامے میں ان کی بیوی (حلیمہ سلطان) کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بیلگیج بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر چکی ہیں۔

وہیں اسی ڈرامے کے دو معروف اداکاروں دوآن بے (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر اور اصلحان خاتون کا کردار ادا کرنے والی گلثوم علی نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

اور اب اسی ڈرامے کے ایک اور معروف کردار (بانو چیچک) کی اداکارہ ایزگی ایسما کرکلو نے بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔

ایزگی ایسما کرکلو نے کہا کہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان بھی ترکی کی طرح بارونق اور زندہ دل لوگوں کا ملک ہے۔

اداکارہ کے مطابق انہیں لگتا ہے کہ پاکستان کسی حد تک ترکی جیسا ہی ہے اور چونکہ ان ممالک میں کہا جاتا ہے کہ یہ دو ممالک اور ایک قوم ہیں، تو انہیں بھی لگتا ہے کہ یہ دونوں ممالک بہت قریب ہیں۔

اداکارہ نے مختصر انٹرویو میں ارطغرل غازی کی شوٹنگ کے دوران اپنی کچھ یادوں کا ذکر بھی کیا اور ساتھ ہی پاکستانی شائقین کی جانب سے محبت کے پیغامات پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

ترک اداکارہ نے کہا کہ انہیں پاکستان سے ڈھیر سارے محبت کے پیغام موصول ہو رہے ہیں اور وہ ضرور پاکستان آنا چاہیں گی، لیکن انہیں یہ نہیں پتہ کہ وہ کب تک پاکستان آ سکیں گی۔

اداکارہ نے وضاحت کی کہ شاید وہ اس وقت ہی پاکستان آسکیں جب کورونا کے باعث فضائی سفر کی پابندیاں ختم ہوں لیکن وہ پاکستان ضرور آئیں گی۔

ساتھ ہی انہوں نے پاکستانی مداحوں سے اردو میں منفرد فرمائش بھی کر ڈالی اور انٹرویو کے آخر میں کہا کہ وہ پاکستان آکر چائے ضرور پینا چاہیں گی اور انہوں نے مداحوں سے سوال بھی کیا کہ انہیں کون چائے پلائے گا؟

خیال رہے کہ ارطغرل غازی کے مجموعی طور پر 5 سیزن ریلیز کیے جا چکے ہیں اور اس ڈرامے کے 179 تک قسطیں ہیں، پاکستان میں ابھی ڈرامے کے پہلے سیزن کو اردو میں ترجمہ کرکے چلایا جا رہا ہے۔

اس ڈرامے کا ترک زبان میں نام ‘دیریلیش ارطغرل’ ہے اور اس میں درجنوں اداکاروں نے کردار ادا کیے ہیں، تاہم چند مرکزی اور اہم کردار ہیں جو پہلے سے آخری سیزن تک رہتے ہیں۔

اس ڈرامے میں بانو چیچک کا کردار بھی تمام سیزن میں نہیں ہے بلکہ یہ کردار ابتدائی سیزنز میں ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13 ویں صدی میں مسلمانوں کی فتوحات کے گرد گھومتی ہے، یہ فتوحات اسلامی بادشاہت سلطنت عثمانیہ کے قیام سے قبل کی ہیں، تاہم ڈرامے کے آخری سیزن میں سلطنت عثمانیہ کی بنیادی کہانی کو بھی دکھایا گیا ہے۔

Related Articles

Back to top button